امریکا نے روس اور ایران کی مدد کرنے پر 24 کمپنیوں پر پابندی لگادی

 واشنگٹن: امریکا نے روس اور ایران کی مدد کرنے کے الزام میں 24 کمپنیوں پر پابندی لگا دی۔ 

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے مختلف شعبوں میں کام کرنے والی 24 کمپنیوں پر پابندی عائد کردی۔ یہ کمپنیاں پاکستان سمیت متحدہ عرب امارات، روس، سنگاپور اور دیگر ممالک میں موجود ہیں۔

امریکا نے ان کمپنیوں پر روسی فوج اور ایران کی مدد کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ان سے لین دین کرنے والوں پر پابندی عائد کردی۔ یہ کمپنیاں روسی فوج کو مدد اور ایران کی الیکٹرک کمپنی کو پرزے فراہم کرتی تھیں۔

امریکا کا کہنا ہے کہ روس یوکرین اور ایران حکومت مخالف مظاہرین پر طاقت کا استعمال کر رہے ہیں اس لیے ان دو ممالک کو کسی قسم کی سہولت فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔

 

اس حوالے سے امریکی وزارت تجارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ان کمپنیوں کے غیر محفوظ کاروبار سے دنیا کے امن کو ناقابل قبول خطرات کا خدشہ ہے۔