کراچی کو اضافی بجلی کی فراہمی روک دی ہے وزیرمملکت برائے پانی وبجلی
وفاقی وزیر مملکت تمام انوائسز چیک کرلیں " کے الیکٹرک " نے کوئی اضافی بجلی نہیں لی،ترجمان کراچی الیکٹرک فوٹو: فائل
وفاقی وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ سندھ حکومت 52 ارب روپے کی نادہندہ ہے اس لئے کراچی الیکٹرک کو اضافی بجلی کی فراہمی روک دی ہے۔
فیصل آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیرعلی نے کہا کہ سسٹم کو ٹھیک کرنے کے لئے حکومت کے پاس جادو کی چھڑی نہیں، ناقص نظام کو آہستہ آہستہ ہی ٹھیک کیا جاسکتا ہے جس کے لئے بجلی چوری کو روکنا اور وصولی کو بہتر بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت سے بقایاجات کے 52 ارب روپے وصول کرنے ہیں تاہم ابتدائی طور پر کراچی الیکٹرک کو اضافی بجلی کی فراہمی روک دی ہے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والوں کے لئے بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی ایسے صارفین پرانے ٹیرف کے مطابق ہی بل ادا کریں گے، حکومت لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کررہی ہے اوراس سلسلے میں گڈانی میں کوئلے سے چلنے والے 10 پاور پلانٹ لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بجلی چوری کے معاملات پر قابو پایا جا رہا ہے جبکہ لائن لاسسز کم کرکے 10 فیصد پر لے آئے ہیں۔
دوسری جانب ترجمان " کے الیکٹرک" نے عابد شیر علی کی تنقید پر وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی وزیر مملکت تمام انوائسز چیک کرلیں " کے الیکٹرک " نے کوئی اضافی بجلی نہیں لی جبکہ اس حوالے سے ماضی میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے، ترجمان نے مزید کہا کہ " کے الیکٹرک" کو کبھی اضافی بجلی نہیں دی گئی یہ صرف خیالی باتیں ہیں۔