ٹیکس اسٹیمپ کے بغیر چینی کی بوری فروخت کرنے پر پابندی

ارشاد انصاری  جمعـء 20 جنوری 2023
فوٹو فائل

فوٹو فائل

 اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ملک بھر کی شوگر ملوں پر بغیر ٹیکس اسٹمپ کے چینی کی بوریاں ملوں کے گوداموں سے باہر نکالنے پر پابندی عائد کرتے ہوئے بغیر ٹیکس اسٹمپ کے چینی کی بوریاں فروخت کرنیوالی شوگر ملوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاون شروع کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹوبیکو کے ساتھ ساتھ شوگر سیکٹر کیلئے ٹریک اینڈ ٹریس سٹم لاگو کر دیا ہے، جس کے تحت ملک بھر کی شوگر ملوں پر ٹیکس اسٹمپ کے بغیر چینی فروخت کرنے پر پابندی عائد ہے اور کوئی شوگر مل اپنی پیدا کردہ چینی کی بوریاں بغیر ٹیکس اسٹمپ کے شوگر ملز سے نہیں نکال سکتی۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے قانون پر عملدرآمد نہ کرنیوالی شوگر ملوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاون شروع کردیا ہے اور شوگر ملوں کی پیدا کردہ چینی کی بوریوں پر ٹیکس اسٹمپ کی تنصیب کو یقینی بنانے کیلئے شوگر ملوں کی مانیٹرنگ شروع کردی ہے جس کیلئے خصوصی انفورسمنٹ ٹیمیں بھی تشکیل دیدی گئی ہیں جنہوں نے ملک بھر میں مانیٹرنگ شروع کردی ہیں۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ملک بھر میں سینئر آفیسرز پر مشتمل ویجیلنس ٹیموں نے مانیٹرنگ شروع کردی ہے ایف بی آر کا کہنا ہے کہ شوگر ملز کے لئے لازم ہے کہ وہ چینی کی بوریاں فیکٹریوں سے نکالنے سے پہلے ٹیکس اسٹیمپس لگائیں اور ایف بی آر نے ٹیکس اسٹمپ نہ لگانے والی ملوں کی چینی تحویل میں لینا شروع کردی ہے جس کے تحت فیڈرل بورڈ آف ریوینیو کی انفورسٹمنٹ ونگ کی جانب سے ٹیکس اسٹیمپس نہ لگانے پر سرگودھا، مٹھی اور ٹنڈو محمد خان میں لاکھوں روپے مالیت کی چینی کی بوریاں تحویل میں لے لی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔