دوسری لڑکی سے شادی سے کیوں روکا گرل فرینڈ کا ڈیٹا کیبل سے گلا گھونٹ دیا

گرل فرینڈ کو قتل کرنے کے بعد ملزم سیدھا اپنی شادی کے منڈپ پر پہنچا

پولیس نے گرل فرینڈ کے قاتل کو گرفتار کرلیا، فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں دوسری لڑکی سے شادی کرنے سے منع کرنے پر 24 سالہ لڑکے نے اپنی گرل فرینڈ کو ڈیٹا کیبل سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا اور لاش فریزر میں رکھ دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کے نواحی علاقے میں ایک چھوٹے ہوٹل کے کمرے کے فریزر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملی۔ جس کی شناخت ہریانہ سے تعلق رکھنے والی 22 سالہ نکی یادیو کے نام سے ہوئی۔

پولیس نے ہوٹل کے مالک 24 سالہ ساحل گہلوٹ کو گرفتار کرلیا جس کی تین چار روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے اس سے متعلق ہولناک انکشافات کیے ہیں۔

ملزم کے بیان کے مطابق نکی یادیو اور وہ ایک دوسرے کو 2018 سے جانتے تھے۔ دونوں امتحانات کی تیاری کے لیے ایک کوچنگ سینٹر میں ملے تھے اور پھر دونوں ایک ساتھ رہنے لگے تھے۔

اس دوران دونوں کے درمیان تعلق استوار ہوگئے۔ نوجوان ساحل نے اپنے اہل خانہ کو اب تک اس تعلق سے متعلق کچھ نہیں بتایا تھا۔ اس کے والدین نے برادری میں لڑکی بھی پسند کرلی اور شادی پر زور دے رہے تھے۔


دوسری جانب نکی یادیو کا اصرار تھا کہ وہ اس سے شادی کرے اور اپنے والدین کو سب بتادے۔ اس بات پر دونوں کے درمیان تلخی بڑھی اور ساحل گہلوٹ نے نکی یادیو کو قتل کردیا۔

ملزم نے یہ انکشاف بھی کیا کہ اس نے نکی یادیو کو اپنی شادی کے دن قتل کیا اور لاش چھپانے کے بعد سیدھا شادی کے منڈپ پر پہنچا۔ شادی کی مصروفیات کی وجہ سے ہی اسے لاش کو ٹھکانے لگانے کا موقع نہیں ملا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی اطلاع مخبروں کے ذریعے ملی تھی۔ ہوٹل سے لاش برآمد ہونے کے بعد ساحل گہلوٹ کے گھر پر چھاپہ مارا لیکن وہ وہاں نہیں تھا اور اس کا نمبر بھی بند تھا۔

پولیس نے مخبروں کی اطلاع پر ہی ملزم کا تعاقب کرکے اسے دہلی کے مرکزی علاقے سے گرفتار کیا۔

 

 
Load Next Story