کراچی کی 49 یونین کونسلز میں سخت سیکیورٹی میں انسداد پولیو مہم

ہفتہ وار مہم کے دوران 5لاکھ 87 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔

انسداد مہم کے دوران شام 6 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی رہے گی۔ فوٹو:فائل

شہر قائد میں 5 سال سے کم عمر بچوں میں پولیو سے بچاؤ کے لئے 49 یونین کونسلوں میں ویکسی نیشن کی جارہی ہے اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق گڈاپ، گلشن اقبال، اورنگی، کورنگی، سائٹ، بلدیہ، لانڈھی، بن قاسم، لیاری، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، ملیر، جمشید ٹاؤن، شاہ فیصل، کیماڑی اور صدر ٹاؤن کی 49 یونین کونسلز میں 5لاکھ 87 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں رضاکاروں کی سیکڑوں ٹیمیں گھر گھر جاکر ویکسی نیشن کررہی ہیں۔

انسداد پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں ، رضاکار ٹیموں کے ہمراہ پولیس اہلکار موجود ہیں، ویکسی نیشن والے علاقوں کے تمام داخلی اور خارجہ راستوں پر پولیس اور رینجرز کے اہلکار تعینات ہیں۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں شام 4 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر بھی پابندی عائد ہے۔
Load Next Story