بلدیاتی انتخابات پی ٹی آئی کے دوستوں نے بھی زیادتی کی حافظ نعیم

پیپلز پارٹی کا جیالے میئر کا خواب پورا نہیں ہوگا، 10 مارچ کو الیکشن کمیشن دفتر کے باہر دھرنا دیں گے، میڈیا سے گفتگو

(فوٹو فائل)

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے بلدیاتی انتخابات کے بعد نتائج میں تاخیر اور صوبائی حکومت و الیکشن کمیشن کے عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دوستوں نے بھی اس معاملے میں زیادتی کی ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ اس وقت کراچی عجیب سی کیفیت میں مبتلا ہے۔ مہنگائی بڑھتی جا رہی ہے۔ ہر چیز عوام کی پہنچ سے دُور ہوتی جا رہی ہے۔حکومت اپنا کام ٹھیک سے نہیں کر رہی۔ کراچی کے عوام سمجھتے تھے کہ اب کراچی کے حالات کچھ بہتر ہو جائیں گے، جس کے لیے انہوں نے بڑی تعداد میں ووٹنگ کی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں نے جماعت اسلامی کو بڑا مینڈیٹ دیا لیکن پیپلز پارٹی نے دھاندلی کی۔ ساری کاری گری کی گئی ہے، جو جمہوریت دشمنی اور ملک دشمنی میں آتی ہے۔ خود کو عوام کا چیمپئن کہنے والے خود اپنی جماعت میں جمہوری نہیں ہیں۔ الیکشن کمیشن گواہ ہے کہ الیکشن کروانے کہ پیچھے صرف جماعت اسلامی تھی۔


حافظ نعیم الرحمن نے سوال کیا کہ کیاالیکشن کمیشن پیپلز پارٹی کے نمبر بڑھانے کے لیے اس کا ساتھ دے رہا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ پی ٹی آئی کے دوستوں نے بھی زیادتی کی ہے۔ لیاقت آباد کی یوسی پر پی ٹی آئی نے پیپلز پارٹی والا کھیل کھیلا ہے۔ فواد چوہدری کہہ چکے ہیں ہم جماعت اسلامی کا ساتھ نہیں دیں گے، اس کا مطلب ہے وہ پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اپنا جیالا میئر لانے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ 11 یوسیز کا انتخاب کروائیں اور اس 20 یوسیز کا انصاف پر فیصلہ کردیں۔ 10 مارچ کو ہم الیکشن کمیشن کے دفتر پر دھرنا دیں گے۔ جب تک ان 11 یوسیز کے الیکشن کا اعلان نہیں ہوگا، ہم پورے ملک میں دھرنے دیں گے۔ جب تک فیصلہ نہیں ہوگا ہم نہیں اٹھیں گے۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر نے میڈیا سے گفتگو میں مزید کہا کہ ڈیجیٹل مردم شماری پر اعتراضات ہو رہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں جو جہاں ہے اسے وہاں گنا جائے۔ گڈاب میں خواتین کو مردم شماری کے لیے بھیجا اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔ اس کی ذمے دار پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم ہے۔ انہوں نے جعلی مردم شماری کی ماضی میں اجازت دی۔
Load Next Story