آسکر ایوارڈ؛ 60 سال میں پہلی بار قالین کا سرخ رنگ تبدیل

مانیٹرنگ ڈیسک  اتوار 12 مارچ 2023
پیر کے روز صبح 5 بجے شروع ہونے والی تقریب میں اسٹارز پیلے خاکستری قالین پر چلیں گے۔ فوٹو: گوگل

پیر کے روز صبح 5 بجے شروع ہونے والی تقریب میں اسٹارز پیلے خاکستری قالین پر چلیں گے۔ فوٹو: گوگل

لاس اینجلس: آسکر ایوارڈ کی 60 سالہ تاریخ میں پہلی بار قالین کا سرخ رنگ تبدیل کر دیا گیا ہے۔

عالمی میڈیا کے مطابق گزشتہ برسوں میں آسکر کے بارے میں بہت کچھ بدل گیا ہے لیکن گزشتہ چھ دہائیوں میں ایک چیز جو نہیں بدلی وہ سرخ قالین تھا۔ یہ قالین اگرچہ تبدیل ہوتا رہتا تاہم اس کا رنگ سرخ ہی رہتا تھا۔ تاہم بدھ کے روز ہالی ووڈ کے ڈولبی تھیٹر کے باہر کارکنوں نے دھندلا ہوا خاکستری قالین نکالا اور اسے بچھا دیا، رنگ تبدیل کرنے کا فیصلہ انوویشن کنسلٹنٹس لیزا لیو اور راول اویلا نے کیا تھا۔

اتوار 12 مارچ کو لاس اینجلس میں 95 ویں اکیڈمی ایوارڈز کی میزبانی جمی کیمل کر رہے ہیں۔ مقامی وقت کے مطابق تقریب رات 8 بجے شروع ہوگی۔ جی ایم ٹی وقت کے مطابق پیر صبح 5 بجے تقریب کا آغاز ہوگا۔

جمی کیمل نے کہا ان کے خیال میں سرخ قالین کے بجائے شیمپین قالین کا انتخاب کرنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم کتنے پراعتماد ہیں کہ کوئی خونریزی نہیں ہوگی۔ آسکر ریڈ کارپٹ کی تاریخ 1961 سے شروع ہوتی ہے۔ عوام نے 1966 تک ٹیلی ویژن پر ریڈ کارپٹ نہیں دیکھا تھا۔ 1966 میں اکیڈمی ایوارڈز پہلی مرتبہ رنگین ٹیلی ویژن پر نشر کیے گئے تو ٹی وی ناظرین نے بھی قالین کے سرخ رنگ کی پہنچان کی تھی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔