سعودی کمپنی آرامکو کا ریکارڈ 161 ارب ڈالر منافع

مانیٹرنگ ڈیسک  پير 13 مارچ 2023
چیلنجز سے نمٹنے کیلیے کمپنی کم کاربن ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، ترجمان۔ فوٹو: ارامکو

چیلنجز سے نمٹنے کیلیے کمپنی کم کاربن ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے، ترجمان۔ فوٹو: ارامکو

ریاض: سعودی عرب کی تیل کمپنی آرامکو نے 2022 کے دوران میں 161.1 ارب ڈالر کا ریکارڈ سالانہ خالص منافع ظاہر کیا ہے جو توانائی کی قیمتوں اور فروخت میں اضافے اور مصفا مصنوعات کے مارجن میں بہتری کی وجہ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں 46 فی صد زیادہ ہے۔

سعودی آرامکو کا یہ منافع ایگزون کے 56 ارب ڈالر کے مقابلے میں قریباً تین گنا ہے۔ اس نے فروری میں بی پی، شیل اور شیورون جیسی بین الاقوامی کمپنیوں کی جانب سے منافع میں اضافے کی اطلاعات کے بعد اس ریکارڈ منافع کی اطلاع دی ہے۔ ان تمام کمپنیوں نے گذشتہ سال زیادہ تر ریکارڈ منافع کمایا ہے۔

آرامکو کے چیف ایگزیکٹوآفیسر (سی ای او) اور صدر امین ایچ ناصر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ دیکھتے ہوئے کہ ہمیں توقع ہے، تیل اور گیس مستقبل قریب میں ضروری رہیں گے، ہماری صنعت میں کم سرمایہ کاری کے خطرات حقیقی ہیں جس میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ بھی شامل ہے۔

انھوں نے کہا کہ ان چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے، کمپنی نئی کم کاربن ٹیکنالوجیز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ ان میں اخراج میں اضافی کمی حاصل کرنے کی صلاحیت ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی 2027 تک خام تیل کی پیداواری صلاحیت کو ایک کروڑ تیس لاکھ بیرل یومیہ (بی پی ڈی) تک بڑھانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

آرامکو کے سرمائے کے اخراجات 2022 میں 18 فی صد اضافے کے ساتھ 37.6 ارب ڈالر تک پہنچ گئے اور کمپنی کا کہنا ہے کہ اسے توقع ہے کہ اس سال کے اخراجات 45.0 ارب ڈالر سے 55.0 ارب ڈالر تک رہیں گے جس میں بیرونی سرمایہ کاری بھی شامل ہے ۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔