حافظ نعیم اچھے بچے ضد نہیں کرتے اگلی باری کا انتظار کریں ناصر شاہ

جماعت اسلامی ڈپٹی میئر کی ہماری پیشکش کو معقول سمجھ رہی تھی لیکن حافظ نعیم ضد پر قائم تھے

پی ٹی آئی کے کونسلرز عمران خان کے ساتھ ہی نہیں تو حافظ صاحب کا ساتھ کیسے دیتے؟ (فوٹو : فائل)

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے پیپلز پارٹی کا میئر آنے پر جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھے بچے ضد نہیں کرتے اگلی باری کا انتظار کریں۔

صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے حافظ نعیم کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی میئر شپ پیپلز پارٹی کا حق تھا کیونکہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی کا انتخاب کیا، سیاسی بصیرت کا اندازہ اس بات سے لگائیں کہ پیپلز پارٹی ادارہ نورحق گئی اور جماعت اسلامی زماں پارک۔


انہوں نے کہا کہ اصولاً تو جماعت اسلامی پیپلز پارٹی کی ڈپٹی میئر کی پیشکش قبول کر کے اپنے سیاسی سفر کو آگے بڑھاتی، جماعت اسلامی ڈپٹی میئر کی ہماری پیشکش کو معقول سمجھ رہی تھی لیکن حافظ نعیم بضد تھے جب پی ٹی آئی کے کونسلرز عمران خان کے ساتھ ہی نہیں تو حافظ صاحب کا ساتھ کیسے دیتے؟

انہوں نے کہا کہ اب سفید جھنڈا لے کر حافظ نعیم کو سمجھائیں گے کہ اچھے بچے ضد نہیں کرتے اگلی باری کا انتظار کریں، انشاء اللہ چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں پیپلز پارٹی کراچی کے عوام کی امیدوں سے زیادہ خدمت کرے گی۔
Load Next Story