سزا یافتہ پلیئرز پر بورڈ کی کرم نوازی کا سلسلہ جاری

چیئرمین بورڈ نے ملاقات میں پابندی ختم کرانے کی یقین دہانی کرا دی، سلیم ملک

سابق کپتان نے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک نجم سیٹھی سے ملاقات کی۔ فوٹو فائل

فکسنگ کیس میں سزا یافتہ پلیئرز پر بورڈ کی کرم نوازی کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین نجم سیٹھی محمد عامر کی کرکٹ میں واپسی کیلیے خاصی کوششیں کر چکے، اب وہ سلیم ملک کی پابندی ختم کرانے میں بھی کردار ادا کرنے کیلیے تیار ہیں۔


سابق کپتان نے گذشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک نجم سیٹھی سے ملاقات کی، انھوں نے چیئرمین کو عدالتی احکامات کی کاپی پیش کرتے ہوئے آئی سی سی کو قائل کرانے کی درخواست کردی۔ ذرائع کے مطابق سلیم ملک کو بھی بورڈ میں مستقبل قریب میں کسی عہدے سے نوازے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے کہا کہ دیگر کھلاڑیوں کی طرح میری بھی خواہش ہے کہ کرکٹ سے وابستہ سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز کرسکوں،پی سی بی کے دفتر آنے کا مقصد یہی تھا کہ چیئرمین پی سی بی آئی سی سی کو قائل کرنے کیلیے میری مدد کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس سزا نے میری زندگی تباہ کر دی تاہم اب میں عام زندگی گذارتے ہوئے ہم وطن کھلاڑیوں کی مدد کرنا چاہتا ہوں۔

کونسل کو خود خط نہیں لکھنا چاہتا اس لیے چیئرمین پی سی بی سے درخواست کی کہ وہ اپنے طور پر بات کریں۔ سلیم ملک نے کہاکہ چیئرمین پی سی بی سے ملاقات اچھی رہی،انھوں نے مجھے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرا دی، میں نے بھی ان سے کہاکہ اگر کرکٹ بورڈ کو میری ضرورت ہے تو خدمات حاضر ہیں۔اس حوالے سے نجم سیٹھی نے کہاکہ سلیم ملک نے ہم سے رابطہ کرنے کے بعد کہاکہ ان پر عدالتی پابندی ختم ہو چکی، اس کے انہوں نے کچھ دستاویزی ثبوت بھی بجھوائے، ان کا ہماری لیگل ٹیم بغور جائزہ لے رہی ہے۔یاد رہے کہ سلیم ملک کو پی سی بی کی طرف سے 2012ء میں بھی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ کوچ کی ذمہ داری سونپی گئی تھی لیکن آئی سی سی کے دبائو کی وجہ سے بورڈ نے فیصلہ واپس لے لیا تھا۔
Load Next Story