ایشین گیمز ہاکی کیلئے 37 کھلاڑی منتخب کیمپ اسلام آباد میں لگے گا

4 مئی سے تیاریوں کا آغاز ہوگا، جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے والے 10 پلیئرز کو نظرانداز کر دیا گیا

سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام رہی ہے، آصف باجوہ۔ فوٹو: فائل

پاکستان ہاکی فیڈریشن کی سلیکشن کمیٹی نے ملک بھر میں اوپن ٹرائلز کے بعد قومی سینئرٹیم کے ممکنہ 37کھلاڑیوں کا اعلان کردیا۔

ٹرائلز کے ذریعے منتحب ہونے والے کھلاڑی جنوبی کوریا میں ہونے والی 17ویں ایشین گیمز میں شرکت کے لیے4 مئی کو اسلا م آباد میں لگائے جانے والے تربیتی کیمپ میں حصہ لیں گے، دوسری جانب پی ایچ ایف کے سابق سیکریٹری آصف باجوہ نے ایشین گیمز کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں کی فہرست پرتحفظات ظاہرکردیے، ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام رہی ہے، ایشین گیمز کے دفاع کی تیاری کے لیے اعلان کردہ تربیتی کیمپ کے اسکواڈ سے 6 گولڈ میڈلسٹ اور جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے والے10 کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ماضی کے مایہ ناز اولمپئن اور موجودہ چیف سلیکٹر اصلاح الدین صدیقی کی زیرنگرانی کمیٹی نے ملک بھر میںمنعقد ٹرائلز کے بعد ایشین گیمز کی تیاریوں کیلیے 37 ممکنہ پلیئرز کے ناموں کا اعلان کردیا، انھوں نے ساتھی سلیکٹرز ارشدچوہدری، ایاز محمود،خالد بشیر اور مصدق حسین کے ہمراہ کوئٹہ، کراچی، بہاولپور ، لاہور اور پشاور میں ٹرائلز کے بعد ملک بھر سے باصلاحیت پلیئرز کو کیمپ میں مدعوکیا ہے، یہ ٹرائلز 22 سے 29 اپریل تک منعقد کیے گئے۔


ان کے منتخب کھلاڑیوں میں سپرسیریز آسٹریلیا اورچیمپئن ٹرافی کھیلنے والے 6 کھلاڑی عامر شہزاد، محمد سلمان، محمد سلمان حسین، کاشف شاہ، فیصل قادر اور عماد شکیل بٹ جبکہ گزشتہ برس بھارت میں شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں ملک کی نمائندگی کرنے والے 10 کھلاڑی امین یوسف، زوہیب اشرف، محمد عمیر، محمد عرفان، محمد عدنان، رضوان علی، فیصل قادر، کاشف جاوید، عماد شکیل بٹ اور سید کاشف شاہ سلیکٹرز کے اعتماد پر پورا نہیں اتر سکے،11کھلاڑی عدنان شکور،محمد اقبال، عبدالستار، ولید حمید، حماد، لیاقت رسول، شاہ جی، شہباز احمد، ذیشان اکرم، علی حسن اور زاہد اللہ پہلی بار قومی کیمپ کا حصہ بننے میں کامیاب رہے ہیں۔

اعلان کردہ منتخب کھلاڑیوں میں5 گول کیپرز عمران شاہ ،عمران بٹ ،مظہر عباس ،عدنان شکور، محمد اقبال ، 6 فل بیکس میں محمد عمران ، محمد خالد ، عباد علی ،عبدالستار ، زاہد اللہ،اسد۔ 8 پلیئرز رضوان جونیئر، محمد توثیق، راشد محمود ، فرید احمد ، تصور عباس ، عثمان حنیف ، محمد شعیب ، محمد بلال۔ 18فارورڈز میں ولید حمید ،حماد ،علی حسین ، شفقت رسول ،عبدل الحسیم ، علی شان ،عمر بھٹہ ،رضوان سینئر ، حمد دلبر ، اسفند سینئر ، لیاقت رسول ، شاہ جی ، اظفر، شہباز احمد ، شکیل عباسی ، ذیشان اکرم ، ارسلان قادر اور خرم شہزاد شامل ہیں ۔جبکہ ٹیم آفیشلز میں شہناز شیخ ، (مینجر چیف کوچ )،ناصر علی ،محمد شفقت ،سید سمیر حسین ،سید ابوذر امرائو(کوچز )اسد عباس شاہ (ڈاکٹر)عدنان (فزیو تھراپسٹ )شامل ہیں۔ ایشین گیمز 19ستمبر سے 4اکتوبر تک جنوبی کوریا کے شہر انچیون میںمنعقد ہوں گے، ایونٹ میں قومی ٹیم اعزاز کا دفاع کرے گی، منتخب کھلاڑیوں کو 4 مئی کو کیمپ کمانڈنٹ شہناز شیخ کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ایچ ایف کے سابق سیکریٹری آصف باجوہ نے ایشین گیمز کے لیے اعلان کردہ کھلاڑیوں کی فہرست پرتحفظات ظاہرکردیے، ان کا کہنا ہے کہ سلیکشن کمیٹی اور ٹیم مینجمنٹ اپنے پہلے ہی امتحان میں ناکام رہی ہے، ایشین گیمز کے دفاع کی تیاری کے لیے اعلان کردہ تربیتی کیمپ کے اسکواڈ سے 6 گولڈ میڈلسٹ اور جونیئر ورلڈ کپ کھیلنے والے10 کھلاڑیوں کو نظر انداز کر دیا گیا ہے، ایشین چیمپیئنزٹرافی کا گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑی کسی ٹورنامنٹ میں کھیلے بغیر آئوٹ ہوگئے، صدر پی ایچ ایف اولمپئن اختر رسول اور سیکریٹری اولمپئن رانا مجاہدکواس بات کا نوٹس لینا چاہیے۔

نیشنل ہاکی اسٹیڈیم لاہورکی گراؤنڈ نمبر2 میں ہنگامی پریس کانفرنس میں آصف باجوہ کا کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں11 ایسے کھلاڑیوں کو بلایا گیا ہے جو ماضی میں کبھی یہاں تک نہیں پہنچ سکے ہیں انھیں کوئی نہیں جانتا ہے،میری اعلیٰ حکام سے بھی درخواست ہے کہ وہ اس بات کا نوٹس لیں کہ پاکستان ہاکی ٹیم کو وکٹری اسٹینڈ تک رسائی دلانے والے 16 کھلاڑیوں کا کیا قصور تھا کہ انھیں ایشین گیمز جیسے اہم ایونٹ کے تربیتی کیمپ سے باہر بٹھادیاگیا ہے، یہ کھلاڑی اب بھی بہاولپور میں جاری نشان حیدرگولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں اپنے اداروں کی ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندارکھیل پیش کررہے ہیں۔
Load Next Story