امریکا 66 سالہ ٹیچر کو بیس بال بیٹ سے قتل کرنے والے طالبعلم کو عمرقید

15 اور 16 سالہ طالبعلموں نے بار بار فیل ہونے پر اپنی سبجیکٹ ٹیچر کو قتل کردیا تھا

مرکزی ملزم کو اگست میں سزا سنائی جائے گی؛ فوٹو: فائل

امریکی عدالت نے 66 سالہ اسکول ٹیچر نوہیما گرابر کو بیٹ بال بلّے سے مار مار کر قتل کرنے والے طالب علم کو عمر قید کی سزا سنادی جب کہ اس کے دوسرے ساتھی کو اگست میں سزا سنائی جائے گی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹیچر کے سر پر بیس بال بیٹ کے وار کرکے قتل کرنے کا واقعہ 2021 میں امریکی ریاست آئیووا کے فیئر فیلڈ ہائی اسکول میں پیش آیا تھا۔ جب 2 طلبا نے بار بار فیل ہونے پر غصے میں آکر استانی کو قتل کردیا تھا اور ان کی عمریں اُس وقت صرف 15 اور 16 سال تھیں۔

امریکی عدالت نے واقعے کے ایک ملزم طالب علم ولارڈ ملر کو عمر قید کی سزا سنادی جس نے اعتراف جرم بھی کیا تھا اور مقتولہ کے اہل خانہ سے معافی بھی مانگی تھی۔ جرم میں ولارڈ ملر کے ساتھی اور مرکزی ملزم جرمی گوڈیل کو آئندہ ماہ سزا سنائی جائے گی۔

تفتیش میں یہ بات ثابت ہوگئی کہ دونوں طلبا نے قتل کی نیت سے اپنی استانی کا کئی روز تک تعاقب کیا اور ان کے روز مرہ کے معمولات کی نگرانی کی اور پارک میں گھات لگا کر معمول کی چہل قدمی کے دوران استانی کو قتل کیا۔




بعد ازاں وہ اپنی استانی کی لاش کو گھسیٹ کر جنگل میں لے گئے اور اسے چھپانے کی کوشش کی تاہم چند دنوں بعد لاش برآمد ہوگئی تھی۔

 

 

 
Load Next Story