لاہور سے کراچی لائی جانے والی اسٹیٹ بینک کی رقم سے 3 کروڑ روپے غائب

اسٹیت بینک نے مسروقہ پرائز بانڈز منسوخ کردیئے ہیں جبکہ پولیس نے اسٹیٹ بینک کے 7 اہلکاروں کو شامل تفتیش کرلیا ہے

اسٹیٹ بینک کے خزانے کی پیٹیاں کینٹ اسٹیشن پر اتارنے کے بجائے ٹرین کو دھلائی کیلئے واشنگ لائن بھیج دیا گیا۔ فوٹو: فائل

پولیس کی مبینہ غفلت کی وجہ سے ٹرین کے ذریعے لاہور سے کراچی لائی جانے والی اسٹیٹ بینک کی رقم میں سے 3 کروڑ روپے مالیت کے پرائز بانڈزغائب کر لئے گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایس ایس پی کراچی ریلوے رؤوف بن یامین نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کی 3 کروڑ روپے مالیت کی رقم اور بانڈ کراچی ایکسپریس کے ذریعے لاہور سے کراچی لائے جا رہے تھے، اسٹیٹ بینک کی رقم 10 پیٹیوں پر مشتمل تھی اور ان کی حفاظت کے لئے 16 پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا لیکن کچھ اہلکار حیدرآباد میں ہی اتر گئے اور جب ٹرین 14 گھنٹے کی تاخیر سے رات 2 بجے کراچی کینٹ اسٹیشن پہنچی تو ڈبہ کھولنے پر معلوم ہوا کہ اس میں رکھے گئے بکسوں میں سے ایک بکس غائب ہے جس میں 1500 روپے مالیت کے 3 کروڑ روپے کے پرائز بانڈز تھے۔


اسٹیٹ بینک کے حکام نے واقعے کے رپورٹ درج کراتے ہوئے ان پرائز بانڈز کو منسوخ کرتے ہوئے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ اگر مسروقہ بانڈز کسی کی تحویل میں پائے گئے تو نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہوگا۔

دوسری جانب پولیس نے بھی تفتیش کا دائرہ بڑھاتے ہوئے اسٹیٹ بینک کے 7 اہلکاروں سے پوچھ گچھ شروع کردی ہے، اس کے علاوہ ڈبے کی سیکیورٹی پر تعینات افراد کے کوائف بھی جمع کئے جارہے ہیں۔

 
Load Next Story