پریکٹس مقابلہ انگلینڈ نے آسٹریلیا کے اوسان خطا کر دیے

9 رنز سے فتح،ہالز کی نصف سنچری ، آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کو 5 رنز سے اپ سیٹ شکست دی، پال اسٹرلنگ کی ففٹی کارآمد رہی

نیوزی لینڈکو جنوبی افریقہ نے مات دیدی، افغانستان کیخلاف ویسٹ انڈیز کی کامیابی، کرس گیل نے بھی ہاتھ کھول لیے. فوٹو فائل

LONDON:
ٹوئنٹی20 ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے 9رنز سے فتح حاصل کر آسٹریلیا کے اوسان خطا کر دیے۔

ایلکس ہالز نے نصف سنچری بنائی، مائیک ہسی کے 71 رنز کینگروز کے کام نہ آ سکے۔ آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کو5رنز سے اپ سیٹ شکست دی،نیوزی لینڈ کو جنوبی افریقہ نے مات دیدی،افغانستان کیخلاف گیل نے بھی ہاتھ کھول لیے، کیریبیئن سائیڈ 8وکٹ سے کامیاب رہی ۔

اسٹار بیٹسمین نے 48 گیندوں پر 65رنز بٹورے۔ تفصیلات کے مطابق کینگروز کیخلاف ورلڈ چیمپئن سائیڈنے مقررہ اوورز میں6وکٹ پر172رنزجوڑے، ایلکس ہالز52، لیوک رائٹ35 اور ایون مورگن 30رنز بنانے میں کامیاب رہے، آسٹریلوی ٹیم6 وکٹ گنوا کر 163 رنزہی بنا سکی، اوپنر شین واٹسن نے37رنز اسکور کیے، مائیکل ہسی کے51گیندوں پر71رنز ناکافی ثابت ہوئے۔


آئرلینڈ نے بنگلہ دیش کیخلاف5 رنزسے کامیابی حاصل کی، فاتح سائیڈ نے6 وکٹ پر164 کا مجموعہ ترتیب دیا،پال اسٹرلنگ نے 71 اور ایڈ جوائس نے39 کی اننگزکھیلیں، بنگلہ دیشی ٹیم 9 وکٹ پر 159تک محدود رہی، شکیب الحسن52، تمیم اقبال35 اور ضیاالرحمان 26رنز بناکر نمایاں رہے،کیون اوبرائن نے3 کھلاڑیوں کوواپسی کے پروانے تھمائے۔

نیوزی لینڈ کیخلاف جنوبی افریقہ نے 9رنز سے فتح سمیٹی، پروٹیز نے 6وکٹیں پر 186رنز اسکور بورڈ پر سجائے، کپتان ابراہم ڈی ویلیئرز نے54 اور پال ڈومینی نے 30رنز بنائے،ایڈم میلن اور جیمز فرینکلن نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں،کپتان روز ٹیلر کے 75رنز کے باوجود کیویز 8وکٹ پر 177رنز ہی بناسکے، روب نکول نے 37رنز اسکور کیے، ڈیل اسٹین نے25 رنزکے عوض4 وکٹوں کا سودا کیا۔

ویسٹ انڈیز نے افغانستان پر8 وکٹ سے غلبہ پایا،افغان ٹیم کوالٹی بولنگ کے سامنے 7وکٹ پر 122رنز ہی بناسکی، اصغراستنکزئی نے لگاتار دوسری ففٹی جڑتے ہوئے 53رنز اسکور کیے، فیڈل ایڈورڈز نے3 اور ایمرجنگ پلیئرآف دی ایئر ایوارڈ پانے والے اسپنر سنیل نارائن نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین واپس بھیجا، ویسٹ انڈیز نے ہدف 2وکٹ پر 15.5 اوورز میں حاصل کرلیا، کرس گیل نے 48 گیندوں پر 65 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی،مارلون سموئلز15 پر ناٹ آئوٹ رہے، محمد نبی نے 2 وکٹیں لیں۔
Load Next Story