کامران اکمل نے بھارتی بولنگ اٹیک کو مسل دیا

وارم اپ میچ میں ناقابل شکست 92 رنز بنا کر روایتی حریف کو 5 وکٹ سے خاک چٹا دی، شعیب ملک کی بھی ذمہ دارانہ اننگز


Sports Desk September 18, 2012
کولمبو: بھارت کیخلاف وارم اپ میچ میں پاکستانی کھلاڑی کامران اکمل آف سائیڈپر چوکا لگارہے ہیں، انھوں نے ناقابل شکست 92 رنز بنائے فوٹو : ایکسپریس

وارم اپ میچ میں کامران اکمل نے بھارتی بولنگ اٹیک کو مسل دیا۔

ان کے 50 گیندوں پر ناقابل شکست 92 رنز نے روایتی حریف کو 5 وکٹ سے خاک چٹا دی، 186 رنز کے تعاقب میں 91 پر آدھی ٹیم کے آئوٹ ہونے پر وکٹ کیپر بیٹسمین نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر ٹیم کا بیڑا پار لگایا، دونوں کے درمیان 95 رنز کی شراکت ہوئی، روی چندرن ایشون نے 4 وکٹیں لیں۔

اس سے قبل بھارت نے 3 وکٹ پر 185 رنز بنائے، ویرت کوہلی 75 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے، روہت شرما نے بھی 56 رنز بنائے، سعید اجمل نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو شکست دے کر پاکستان نے ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شامل دوسری ٹیموں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی، گرین شرٹس کی فتح میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے کلیدی کردار ادا کیا۔

ان کے سامنے بھارتی بولرز پانی بھرتے ہوئے دکھائی دیے۔ کولمبو کے آر پریماداسا اسٹیڈیم پر پاکستان کو فتح کیلیے 186 کا بڑا ہدف ملا جو اس طرز کے انٹرنیشنل مقابلوں میں گرین شرٹس کبھی بھی حاصل نہیں کرپائے تھے تاہم ان آفیشل مقابلے میں بڑا ٹارگٹ حاصل کرنے کا بھی تجربہ حاصل ہوگیا، اننگز کا آغاز زیادہ اچھا نہیں ہوا، 12 ویں اوور تک 91 رنز پر پانچ وکٹیں گرگئیں۔

محمد حفیظ اور عمران نذیر نے صرف 30 رنز کا آغاز فراہم کیا، آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں ناکام رہنے والے عمران کی فارم ابھی تک بحال نہیں ہوسکی، وہ 13 رنز پر ایشون کا شکار بن گئے کیچ رائنا نے تھاما، ایک گیند بعد ناصر جمشید بغیر کھاتہ کھولے رن آئوٹ ہوگئے۔

کپتان حفیظ نے 38 رنز بناکر ایشون کی گیند کو لانگ آن پر موجود شرما کے ہاتھوں میں اچھال دیا، شاہد آفریدی بھی بیٹ پر جمی گرد نہ جھاڑ پائے اوردوسری ہی گیند پر ایشون کی تیسری وکٹ بن گئے، کیچ بائونڈری کے قریب عرفان پٹھان نے لیا، عمر اکمل کو 2 رنز پر ایشون نے اپنی ہی گیند پر کیچ کیا۔

اس موقع پر کامران اکمل نے شعیب ملک کے ساتھ مل کر ٹیم کو فتح دلادی، ان کی 50 گیندوں پر 92 رنز کی اننگزمیں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے، آخری اوور کی پہلی گیند پر انھوں نے عرفان پٹھان کو چھکا جڑ کر ہدف مکمل کیا، شعیب ملک نے 18 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جس میں دو چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔

ایشون نے 4 اوورز میں 23 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں۔ اس سے قبل بھارتی بیٹسمینوں نے بھی پاکستانی بولرز کو خوب پریشان کیا، گوتم گمبھیر (10) کو عمرگل نے بولڈ کیا، سہواگ (26) کو سعید اجمل نے آفریدی کی مدد سے قابو کیا،کوہلی اور شرما کے درمیان 127 کی شراکت نے بھارتی مجموعے کو مستحکم کیا، شرما 56 رنز پر سعید اجمل کی دوسری وکٹ بنے، کوہلی نے 47 گیندوں پر ناٹ آئوٹ 75 رنز بنائے۔

شاہد آفریدی 4 اوورز میں 41 ،سہیل تنویر 3 اوورز میں 35 اور محمد سمیع 2 اوورز میں 31 رنز کی پٹائی برداشت کرنے کے باوجود وکٹوں سے محروم رہے۔

مقبول خبریں