دال چاول اور مصالحوں کی قیمت میں من مانا اضافہ

شہرمیں مونگ کی دال 180سے185روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے،گوشت اور سبزی کے بعد دالیں بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی گئی ہیں

رمضان کی آمد سے قبل ہی منافع خور تاجر سرگرم ،بڑی مارکیٹوں میں اشیائے خورونوش کی ذخیرہ اندوزی شروع ،مونگ ،ماش اور مسور کی دال کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ فوٹو: فائل

لاہور:
رمضان کے لیے اجناس کی خریداری شروع ہوتے ہی جوڑیا بازار کے تھوک فروشوں نے مختلف قسم کی دالوں، چاول اور مصالحہ جات کی قیمتوں میں من مانا اضافہ کردیا،گوشت اور سبزی کے بعد دالیں بھی عوام کی پہنچ سے دور کردی گئی ہیں۔

مونگ ماش اور مسور کی دال کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ،سرکاری نرخ نامے اور تھوک فروشوں کے نرخ میں فرق 35روپے فی کلو تک پہنچ گیا ، مارکیٹ ذرائع کے مطابق رمضان کیلیے اجناس کی خریداری ڈیڑھ سے 2 ماہ قبل ہی شروع کردی جاتی ہے، بیرون ملک سے درآمد کی جانے والی اجناس ملک کے دیگر شہروں کے لیے بڑے پیمانے پر خریدی جاتی ہیں اور رمضان کی طلب سے فائدہ اٹھانے کے لیے 2 ماہ کے دوران ذخیرہ اندوزی بھی عروج پر پہنچ جاتی ہے تاہم اس سال تھوک فروشوں نے منافع خوری کی ساری حدیں عبور کرتے ہوئے قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا ہے۔

ہر سال کی طرح اس سال بھی رمضان کے لیے اجناس کی خریداری شروع ہوتے ہی جوڑیا بازار کے منافع خور تاجر بھی سرگرم عمل ہوگئے اورکنٹرولر جنرل آف پرائسز کی جانب سے تھوک قیمت میں اضافے کے لیے ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کی سفارشات مسترد کیے جانے کے باوجود تھوک فروشوں نے دالوں کی قیمت میں ازخود اضافہ کردیا ،جوڑیا بازار سے لیے گئے نرخوں کے مطابق تھوک سطح پر مونگ کی دال 165روپے میں فروخت کی جارہی ہے جو ریٹیل سطح پر 180سے 185روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے ، مونگ کی دال اس سے قبل اتنی بلند قیمت پر کبھی فروخت نہیں کی گئی تھوک فروشوں نے ایک ہفتے کے دوران مونگ کی دال میں 15سے 20روپے فی کلو کا اضافہ کیا ہے۔


مسور کی دال کی تھوک قیمت 15روپے اضافے سے 115روپے کلو، ماش کی دال کی قیمت 125روپے فی کلو، مسور ثابت تھوک قیمت 95روپے، چنے کی دال کی تھوک قیمت 75روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ مختلف قسم کے چاول کی قیمت میں بھی 10سے 20روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ہے، ہول سیل گراسرز ایسوسی ایشن کی جانب سے 16تا 31مئی کے لیے جاری کی جانے والی کریانہ آئٹمز کی سرکاری لسٹ کے لیے دال کی قیمت میں 20سے 30 فیصد تک اضافے کا مطالبہ کیا تھا تاہم کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے رات کے دوسرے پہر تک جاری رہنے والی میٹنگ میں تھوک فروشوں سے دال کی قیمت میں اضافے کے اسباب جاننے کی کوشش کی۔

تاہم تھوک فروش قیمت میں اضافے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتاسکے جس کے بعد مئی کے آخری دو ہفتوں کے لیے سرکاری پرائس لسٹ معمولی کمی و بیشی کے بعد جاری کردی گئی تھوک فروشوں نے سرکاری پرائس لسٹ مسترد کرتے ہوئے از خود قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے جس سے شہر بھر میں خوردہ سطح پر دال کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے۔

سرکاری پرائس لسٹ میں ماش کی دال کی تھوک قیمت 101روپے فی کلو، دھلی مونگ کی دال کی قیمت 130روپے، مونگ چھلکا 110روپے فی کلو، مسور درجہ اول 94روپے کلو، دال چنا 56روپے کلو، کابلی چنا 82روپے کلو کابلی چنا چھوٹا 63روپے کلو جبک کالے چنے کی قیمت 56روپے کلو مقرر کی ہے، ذرائع نے بتایا کہ کمشنر کراچی شعیب احمد صدیقی نے تھوک فروشوں کو وارننگ جاری کی ہے کہ تھوک سطح پر سرکاری نرخ کا اطلاق کیا جائے بصورت دیگر قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، کمشنر کراچی کی ہدایت پر حیدرآباد اور اندرون سندھ کی غلہ منڈیوں سے بھی سروے طلب کرلیے گئے ہیں۔
Load Next Story