کٹی پہاڑی پر رینجرز کا آپریشن مقابلے میں کالعدم تنظیم کا کارندہ ہلاک

ہلاک ہونیوالا ملزم منگھو پیر کواری کالونی کا رہائشی تھا،ملزم کے قبضے سے نائن ایم ایم پستول اورموٹر سائیکل برآمد


Staff Reporter May 17, 2014
زخمی حالت میں فرار ہونے والا ملزم عابد مچھڑکالعدم تحریک طالبان کراچی کا کمانڈر تھا جو اب ہلاک ہو چکا ہے، پولیس۔ فوٹو: پی پی آئی/فائل

پیر آباد میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کا ایک کارندہ ہلاک کردیا، دوسرا زخمی حالت میں فرار ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے پیرآباد کے علاقے کٹی پہاڑی پر کالعدم تنظیم کے کارندوں کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ کارروائی کی اس دوران موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ شروع کردی اور موقع سے فرار ہونے لگے ، پولیس اور رینجرز نے ملزما ن کا تعاقب کرتے ہوئے میانوالی کالونی میں انھیں گھیر لیا اور جوابی فائرنگ کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے2کارندے شدید زخمی ہوگئے ، پولیس کے مطابق جوابی فائرنگ سے زخمی ہونے والا ایک کارندہ ہلاک ہوگیا جبکہ ایک کارندے کو اس کے2 ساتھی زخمی حالت میں لے کر فرار ہوگئے۔

ایس ایچ او فصیح الزماں کے مطابق ہلاک ہونے والے کی شناخت 25 سالہ محمد حسین ولد میجر خان کے نام سے ہوئی ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے محمد حسین کا تعلق لعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور وہ منگھو پیر کواری کالونی کا رہائشی تھا ، مذکورہ واقعہ کے 4 گھنٹے بعد اطلاع موصول ہوئی کہ پولیس اور رینجرز نے مبینہ مقابلے کے دوران کالعدم تحریک طالبا ن پاکستان کنواری کالونی کے امیر اور عسکری ونگ سے تعلق رکھنے والے عابد مچھڑ کو مقابلے میں ہلاک کردیا،ایس ایچ او فصیح الزماں نے بتایا کہ مقابلے میں کالعدم تنظیم کا کارندہ محمد حسین ہلاک ہوا تھا،اطلاع ملی تھی کہ زخمی ہونے والا عابد مچھڑ تھا جو کنواری کالونی میں ہلاک ہوگیا،انھوں نے بتایا کہ عابد موچھڑ کی لاش کسی بھی سرکاری اسپتال نہیں لائی گئی۔