سندھ حکومت نے شاہد حیات کوہٹا کرغیرذمہ داری کا مظاہرہ کیا پرویز رشید

کراچی کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم آپریشن کی نگرانی جاری رکھیں گے،وفاقی وزیراطلاعات

وزیر اعلیٰ سندھ کو شاہد حیات کو ہٹانے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینا چاہئے ، پرویز رشید فوٹو: ایکسپریس نیوز/فائل

وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے شاہد حیات کو عدالتی حکم کو بنیاد بنا کر عہدے سے ہٹادیا جو نہیں ہونا چاہئے تھا۔


پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے شاہد حیات کے معاملے پرعدالتی حکم کو جواز بنا کر غیر ذمہ داری اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا، شاہد حیات اچھے پولیس افسر ہیں اور سندھ حکومت نے خود ان کا انتخاب کیا تھا لہٰذا انہیں موجودہ صورتحال میں عہدے پر ہونا چاہئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہے اور وزیر اعظم کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا تھا کہ آپریشن کے کپتان وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ہوں گے لہٰذا انہیں شاہد حیات کو ہٹانے کے فیصلے کا دوبارہ جائزہ لینا چاہئے کیونکہ وہ ایک قابل پولیس افسر ہیں اور تمام طبقات کی رائے تھی کہ انہیں بطور کراچی پولیس چیف کام کرتے رہنا چاہئے۔

وفاقی وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی آپریشن کے حوالے سےصوبائی حکومت کے اقدامات کو سراہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف نے پچھلے 11 ماہ میں 10 بار آپریشن اور امن امان کی صورتحال کا جائزہ لیا اور وہ کراچی کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ وفاقی حکومت اور وزیر اعظم آپریشن کی نگرانی جاری رکھیں گے۔
Load Next Story