بپھرے بیلوں نے تماشائیوں کو روند ڈالا 2 افراد ہلاک

متنازع کھیل ’جلی کٹو‘ تامل ناڈو میں پونگل تہوار کے دوران کھیلا جاتا ہے، درجنوں زخمی اسپتال منتقل

فوٹو: فائل

بھارت میں بپھرے بیلوں کے ساتھ بھاگنے کے کھیل میں 2 افراد ہلاک اور 70 سے زائد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بدھ کو تامل ناڈو کے ضلع شیوا گنگا میں بپھرے بیلوں کے ساتھ بھاگنے والے کھیل 'جلی کٹو' کے دوران 11 سالہ بچہ اور 35 سالہ شخص ہلاک جبکہ 70 افراد زخمی ہوگئے۔

کھیل کے دوران بیل تماشائیوں کے ہجوم میں گھس گئے جس پر تماشائی اپنی جان بچانے کے لیے بھاگ کھڑے ہوئے اور کئی افراد پیروں تلے بھی کچلے گئے، زخمیوں کوطبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

بیلوں کی ٹکر سے ہلاک ہونے والے دونوں افراد کھیل میں شامل نہیں تھے بلکہ تماشائیوں کے ہجوم کا حصہ تھے جن کو بیلوں کے چڑھ دوڑنے سے جان لیوا زخم آئے۔


بیلوں کے ساتھ بھاگنے اور انکو قابو کرنے کا یہ متنازع کھیل 'جلی کٹو' تامل ناڈو میں پونگل تہوار کے دوران کھیلا جاتا ہے جس پر جانوروں کے حقوق کی تنظیمیں پابندی کا مطالبہ کرتی ہیں۔

گزشتہ کچھ برسوں کے دوران بہت سے لوگ ان مقابلوں میں زخمی ہو چکے ہیں اور یا پھر جانوروں کے پیروں تلے کچلے جانے کی وجہ سے زخمی ہو چکے ہیں۔

2014 میں بھارتی سپریم کورٹ نے اس کھیل پر پابندی لگا دی تھی تاہم ریاستی حکومت کی نظر ثانی اپیل پر سپریم کورٹ نے متنازع کھیل کی دوبارہ اجازت دے دی۔

سپریم کورٹ میں تامل ناڈو حکومت نے دلیل دی تھی کہ 'جلی کٹو' محض تفریح کا ایک عمل نہیں بلکہ سیکڑوں برس قدیم عظیم تاریخی، مذہبی اور ثقافتی ورثہ ہے۔

عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ جب پارلیمان نے اس کھیل کو ثقافتی ورثہ قرار دیا ہے تو عدلیہ کا نظریہ مختلف نہیں ہوسکتا۔
Load Next Story