تحریک انصاف كا طالبان كے خلاف آپریشن كی مشروط حمایت كا اعلان

ہم معصوم شہریوں كی جانوں سے كھیلنے والوں اور نقصان پہنچانے والوں سے ہمدردی نہیں ركھتے، شاہ محمود قریشی

وزیر داخلہ چوہدری نثار ان دونوں خوفناک حملوں کے واقعات پر ایوان کو اعتماد میں لیں، وائس چیرمین تحریک انصاف فوٹو: فائل

تحریک انصاف كی كور كمیٹی نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان كے خلاف آپریشن كی مشروط حمایت كا اعلان کردیا ہے۔

تحریک انصاف كی كور كمیٹی كا اجلاس چیرمین عمران خان کی زیر صدارت ہوا جس كے بعد پارٹی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے دیگر پارٹی رہنماؤں كے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس كے باہر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا تحریک انصاف كی كور كمیٹی نے كراچی ایئرپورٹ اور نقصان تفتان میں پیش آنے والے واقعات كی شدید الفاظ میں مذمت كی ہے اور سمجھتی ہے كہ دونوں شہروں میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات كے بعد دونوں صوبائی حكومتیں عوام كے جان ومال كے تحفظ میں ناكام ہوگئی ہیں۔ انہوں نے كہا كہ كراچی میں تسلسل سے آپریشن چل رہا ہے لیكن اس آپریشن كا عوام كو كوئی فائدہ نہیں ہو رہا، كراچی ایئر پورٹ پر حملے سے ملک كی بدنامی ہوئی اور عالمی سطح پر جگ ہنسائی ہوئی۔


شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ كور كمیٹی نے شہید ہونے والے اہلكاروں كو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا كہ وزیر داخلہ چوہدری نثار ان دونوں خوفناک حملوں کے واقعات پر ایوان کو اعتماد میں لیں۔ انہوں نے کہا کہ كراچی میں اب بھی ٹارگٹ كلنگ، بھتہ خوری، ہڑتالیں اور ایسے واقعات ہو رہے ہیں، عوام پوچھتے ہیں كہ ایسا كون سا آپریشن ہو رہا ہے جو عوام كو تحفظ فراہم كرنے میں ناكام ہے۔

تحریک انصاف کے وائس چیرمین نے کہا کہ تحریک طالبان مختلف گروہوں میں بٹ چکی ہے، حكومت مذاكرات كرنے والے طالبان كے گروپوں كو الگ كرے، كراچی ایئر پورٹ پر حملہ كر كے تحریک طالبان پاكستان نے امن كو تباہ كر دیا، تحریک انصاف بامقصد مذاکرات کی حامی ہے اور بامقصد مذاكرات كو اب بھی تمام مسائل كا حل سمجھتی ہے لیکن ہم معصوم شہریوں كی جانوں سے كھیلنے والوں اور نقصان پہنچانے والوں سے ہمدردی نہیں ركھتے اور معصوم شہریوں كو نقصان پہنچانے والوں كے خلاف كسی بھی فوجی آپریشن كی مخالفت نہیں كرے گے۔
Load Next Story