سانحہ لاہورکی تحقیقات کے لئے قائم عدالتی کمیشن آج سے اپنے کام کا آغاز کرے گا

سانحہ لاہور کی تحقیقات کے لئے قائم عدالتی کمیشن نے آئی جی پنجاب،ڈی سی او اور ڈی جی ایل ڈی اے کو طلب کرلیا ہے

لاہور میں پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنوں میں تصادم کے نتیجے میں 11افراد جاں بحق اور80سے زائد زخمی ہوگئے تھے

لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ سانحہ لاہورسے متعلق عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گاجب کہ واقعے کی تفتیش میں کسی کو مداخلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سانحہ لاہورکی تحقیقات کے لئے ایک رکنی عدالتی کمیشن آج سے باقاعدہ اپنے کام کا آغاز کرے گا، تحقیقاتی ٹریبونل نے واقعے کے شواہد اکٹھا کرنے کے لئے نوٹس جاری کردیئے ہیں جبکہ آئی جی پنجاب،ڈی سی او اور ڈی جی ایل ڈی اے کو بھی آج طلب کرلیا گیا ہے۔ رجسٹرار کا کہنا ہےکہ واقعے سے متعلق جو بھی بیان دینا چاہتا ہے وہ ٹریبونل میں اپنی رجسٹریشن کرائے۔


دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی زیر صدارت ہونےوالے پنجاب کا بینہ کا اجلاس میں وزیراعلیٰ نے ارکان کو سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اعتماد میں لیتے ہوئے موجودہ صورتحال اور واقعے پر حکومتی اقدامات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ صوبائی وزرا پر مشتمل وفد منہاج القرآن سیکریٹریٹ جاکررہنماؤں سے واقعہ پر ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرے گا۔

اس موقع پر شہبازشریف کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن واقعے سے متعلق عدالتی کمیشن کی رپورٹ پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا جب کہ تفتیش میں کسی کو مداخلت کی اجازت دی جائے گی اور نہ ہی کسی پر دباؤ ڈالا جائے گا۔

واضح رہے کہ لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں طاہر القادری کے گھر کے باہر سے بیریئرہٹانے کے معاملے پر پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنان میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں اب تک 11 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 80 سے زائد زخمی ہیں۔
Load Next Story