رائٹس کی فروخت؛ سابق آئی سی سی آفیشل معاونت کریں گے

سلیم خالق  جمعـء 24 مئ 2024
کیمبل جیمیسن کو شفاف پراسس کے بعد بہتر معاہدہ کرانے کا ٹاسک مل گیا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

کیمبل جیمیسن کو شفاف پراسس کے بعد بہتر معاہدہ کرانے کا ٹاسک مل گیا (فوٹو: ایکسپریس ویب)

کراچی: انٹرنیشنل ٹیلی ویڑن رائٹس کی فروخت میں سابق آئی سی سی آفیشل پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مدد کریں گے۔

گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 3 سالہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کیلیے تقریباً 21 ملین ڈالر کی غیر منتطقی ریزرو پرائس مختص کی، کوئی اس کے آس پاس بھی نہ پہنچ سکا جس کے بعد سب کی بڈز مسترد کر دی گئیں، پھر صرف نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز اور ویسٹ انڈیز سے ویمنز سیریز کیلیے دوبارہ ٹینڈرنگ ہوئی۔

ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کے کنسورشیئم نے99 ہزار ڈالر (تقریبا 2 کروڑ 76 لاکھ روپے) میں رائٹس حاصل کیے، بڈنگ کے وقت ایک غیرملکی چینل نے پراسس پر اعتراض بھی اٹھایا تھا، اب پی سی بی نے دوبارہ 2024-26 کی 3 سالہ مدت کیلیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس فروخت کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل میڈیا رائٹس پونے 3 کروڑ میں فروخت

پاکستان ٹیم اس دوران 61 میچز کھیلے گی، ان میں 11 ٹیسٹ،26ون ڈے اور24 ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں، اس ضمن میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے سابق کمرشل منیجر کیمبل جیمیسن معاونت کریں گے، انھیں شفاف پراسس کے بعد بہتر معاہدہ کرانے کا ٹاسک دیا گیا ہے، وہ ماضی میں بھی پاکستان کو رائٹس کی فروخت میں مشاورت فراہم کر چکے ہیں۔

بعض حلقوں نے اس بات پر سوال بھی اٹھایاکہ کئی آفیشلز کی موجودگی کے باوجود پی سی بی کو باہر سے مدد حاصل کرنے کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے؟

ذرائع نے بتایا کہ چیئرمین محسن نقوی پی سی بی کے تمام معاملات میں شفافیت لانا چاہتے ہیں، ان کی کوشش ہے کہ رائٹس بڑی رقم پر فروخت ہوں اور ماضی میں ایک کمپنی کی جانب سے اعتراض جیسی صورتحال بھی سامنے نہ آئے، اسی لیے کیمبل جیمیسن کی خدمات لی گئی ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔