ٹی20 ورلڈکپ نمیبیا کو شکست دے کر انگلینڈ سپر 8 کی دوڑ میں شامل

انگلینڈ کو سپر 8 کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری تھا۔


ویب ڈیسک June 16, 2024
(فوٹو: کرک انفو)

آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں بارش سے متاثرہ میچ میں انگلینڈ نے نمیبیا کو 41 رنز سے شکست دے کر سپر 8 مرحلے کی دوڑ میں شامل ہو گیا ہے۔

123 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نمیبیا کی ٹیم مقررہ 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 84 رنز ہی بنا سکی، نمیبیا کی جانب سے مائیکل وین نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ نکولس ڈیوس 18 رنز بنا کر رٹائرڈ ہرڈ ہو گئے، ڈیوڈ ویزے نے 27 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے جوفرا آرچر اور کرس جارڈن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل نمیبیا نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، انگلینڈ نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔

انگلینڈ کے اوپنر فل سالٹ 11 رنز بنا سکے، کپتان جوز بٹلر صفر پر آؤٹ ہوئے، جونی بیرسٹو نے 31 رنز بنائے جبکہ ہیری بروکس نے 47 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، معین علی نے 16 اور لیام لیونگسٹون نے 13 رنز بنائے۔

نمیبیا کی جانب سے روبن ٹرمپلمین نے 2، ڈیوڈ ویزے اور برنارڈ نے 1،1 کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

گروپ بی کی ٹیموں کے درمیان نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگوا کے سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم میں بارش کی وجہ سے میچ کے دوران میں بھی روکنا پڑا تھا جس کے بعد منتظمین نے میچ فی سائیڈ 10 اوورز تک محدود کر دیا تھا۔ انگلینڈ کو سپر 8 کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے یہ میچ جیتنا انتہائی ضروری تھا۔

آسٹریلیا پہلے ہی گروپ بی سے سپر 8 کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔ انگلینڈ کو سپر 8 مرحلے میں جانے کے لیے آسٹریلیا اور اسکاٹ لینڈ کے میچ میں کینگروز کی فتح کا انتظار کرنا ہو گا، کیونکہ انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 5،5 پوائنٹس کے ساتھ گروپ میں دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہے۔

اس سے قبل ہفتہ کو فلوریڈا میں بھارت اور کینیڈا کا میچ بھی بارش کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا جبکہ جمعہ کو امریکا اور آئرلینڈ کا میچ بھی بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا جس نے پاکستان کو سپر ایٹ میں پہنچنے کی دوڑ سے باہر کردیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں