چین کا 23 سال بعد صومالیہ میں سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ

چین نے صومالیہ میں خانہ جنگی کے باعث 1991 میں اپنا سفارتخانہ بند کرنے کے بعد سفارتی عملہ واپس بلالیا تھا۔

سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ اس لئے کیا ہے کہ صومالیا میں 21 سال بعد پہلی حکومت اور اسمبلی کا قیام عمل میں آچکا ہے، چینی ترجمان وزارت خارجہ

WAH CANTT:
عوامی جمہوریہ چین نے 23 سال بعد ایک بار پھر صومالیہ میں اپنا سفارت خانہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔


غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی جانب سے صومالیہ میں خانہ جنگی کے باعث 23 سال قبل 1991 میں بند کئے جانے والے سفارت خانے کو کھول کرسفارتی عملہ تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ہونگ لی کا کہنا ہے کہ سفارتخانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کہ صومالیا میں 21 سال بعد پہلی حکومت اور اسمبلی کا قیام عمل میں آچکا ہے لہذا چین کا وفد منگل کو صومالیہ روانہ ہوگا جو وہاں صورت حال کا جائزہ لے گا۔ انہوں نے کہاکہ صومالیہ خانہ جنگی کے بعد امن کے ایک نئے مرحلےمیں داخل ہوچکا ہے جس سے چین اور صومالیہ کے درمیان بہتر تعلقات کی راہ ہموار ہوگی۔

واضح رہے کہ صومالیہ میں 1991 میں شروع ہونے والی خانہ جنگی کے باعث چین اور امریکا سمیت متعدد ممالک نے اپنے سفارتخانے بند کرنے کے بعد سفارتی عملے کو واپس بلالیا تھا۔ اس سے قبل رواں سال جون میں امریکی حکومت نے بھی حالات کا جائزہ لینے کے بعد صومایہ میں سفارتکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم امریکا نے ابھی تک سفارت خانہ دوبارہ کھولنے کا فیصلہ نہیں کیا۔
Load Next Story