سنجے دت کتنے امیر ہیں تفصیلات منظر عام پر آگئیں

اداکار یاٹ کے بھی مالک ہیں جن میں وہ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ گھومتے ہیں

فوٹو : فائل

دُنیا بھر میں اپنے کردار 'منا بھائی' سے مشہور بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت کے اثاثوں کی تفصیلات سامنے آگئیں۔

سنجو بابا کے نام سے مشہور سنجے دت آج 29 جولائی کو اپنی 65ویں سالگرہ منائیں گے، اُنہوں نے اپنے کیریئر کے دوران بالی ووڈ کو کئی سُپر ہٹ فلمیں دی ہیں۔

سنجے دت کا شمار بالی ووڈ کے صف اول اداکاروں میں ہوتا ہے، اُنہوں نے اپنی ہر فلم میں منفرد کردار ادا کیا ہے جن کی وجہ سے اُنہیں شہرت ملی۔

اداکار کی زندگی میں کئی بار اُتار چڑھاؤ بھی آئے لیکن اس کے باوجود اُنہوں نے ہمت نہیں ہاری اور ہر مشکل کا سامنا ڈٹ کر کیا، پھر چاہے وہ جیل جانا ہو یا کینسر جیسے جان لیوا مرض سے لڑنا ہو، سنجے دت نے زندگی کے ہر امتحان میں کامیابی حاصل کی۔

65 سال کی عُمر میں بھی سنجے دت کو ہر عمر کے افراد پسند کرتے ہیں پھر چاہے وہ بچے ہوں، جوان ہوں اور یا بڑی عُمر کے افراد، اداکار نے اپنی خاص شخصیت اور جانداری اداکاری کی بدولت سب کے دلوں میں اپنی جگہ بنا رکھی ہے۔


مزید پڑھیں: دیپیکا پڈوکون کے اثاثوں کی کُل مالیت کتنی؟ تفصیلات سامنے آگئی

سنجے دت کی 65ویں سالگرہ کے موقع پر اُن کے کُل اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آئی ہیں جنہیں دیکھ کر مداح حیران رہ گئے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے دت کا شمار اُن بالی ووڈ اداکاروں میں ہوتا ہے جو اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پُرتعیش زندگی گزار رہے ہیں، اداکار کا ممبئی کے پوش علاقے پالی ہل میں ایک بڑا اپارٹمنٹ ہے۔

رپورٹس میں بتایا گیا کہ سنجے دت کے اثاثوں کی مالیت 250 کروڑ بھارتی روپے ہے، اس کے علاوہ اداکار یاٹ کے بھی مالک ہیں جن میں وہ اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ساتھ گھومتے ہیں۔

سنجے دت کئی لگژری گاڑیوں کے بھی مالک ہیں جن میں رینج روور، اوڈی، رولز روئس، بی ایم ڈبلیو اور فراری شامل ہیں، ان گاڑیوں کی مالیت کروڑوں روپے ہے۔

میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ سنجے کے پاس ڈیزائنر چشمے، لگژری گھڑیاں اور قیمتی زیورات بھی ہیں۔
Load Next Story