بھارت میں مٹی کا تودہ گرنے سے پورا گاؤں ملیامیٹ ہلاکتیں 180 سے متجاوز

سیلابی ریلے میں پُل ٹوٹنے سے درجنوں گاڑیاں اور افراد بہہ گئے؛ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ

امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے

بھارتی ریاست کیرالہ میں بارش اور سیلاب کے بعد لینڈ سلائیڈنگ نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ریاست کیرالہ میں مسلسل بارشوں اور سیلاب کے باعث پہاڑ سے مٹی کا ایک بڑا تودا دیہات پر گر گیا۔ پورا گاؤں لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلے میں تباہ ہوگیا۔

مٹی کے تودے تلے درجنوں گھر دب گئے۔ دو روز سے جاری امدادی کاموں کے دوران لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے اور مجموعی ہلاکتیں 180 سے تجاوز کرگئیں۔ اب بھی ملبے میں کئی افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔


مٹی کے تودے میں گاڑیاں اور مویشی بھی دب گئے جب کہ دریائے چلیار کے سیلابی ریلے میں بھی بہت سی گاڑیاں اور افراد کے بہہ جانے کی اطلاعات ہیں۔

سیلابی ریلے کی زد میں آکر ایک پُل بھی ٹوٹ گیا۔ پُل کے ٹوٹ جانے سے متاثرہ علاقوں میں جانے والی ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

عارضی پل بنانے کی کوشش کی جا رہی ہیں۔ امدادی کاموں کے لیے فوجی ہیلی کاپٹرز بھی طلب کرلیے گئے۔ سیکڑوں افراد تاحال متاثرہ علاقوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔
Load Next Story