پختونخوا بارش میں 245 فیڈرز ٹرپ مشتعل افراد کا گرڈ اسٹیشن پر دھاوا

500 سے زائد مشتعل مظاہرین نے زبردستی گرڈ کا کنٹرول سنبھال لیا، عملے کو نکال کر گرڈ پر قبضہ کیا، ترجمان پیسکو

(فوٹو: فائل)

خیبر پختونخوا میں شدید بارش کی وجہ سے 245 فیڈرز ٹرپ کر گئے جب کہ لوڈشیڈنگ کے ستائے مشتعل افراد نے گرڈ اسٹیشن پر دھاوا بول کر فیڈرز آن کردیے۔


پیسکو ریجن میں گزشتہ رات شروع ہونےو الی تیز بارش کی وجہ سے بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی، اس دوران صوبے بھر میں پیسکو کے 245 فیڈرز ٹرپ ہو گئے۔ پشاور الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق پشاور سرکل میں 83، خیبر سرکل میں 64فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں۔



ایبٹ آباد میں 21،مردان میں 21، سوات سرکل میں 29فیڈرز ٹرپ ہوئے۔ اسی طرح صوابی میں 20 اور مانسہرہ میں8 فیڈرز متاثر ہوئے۔ پیسکو چیف اختر حمید خان کی ہدایات پر پیسکو عملہ ہائی الرٹ رہا اور بارش رکنے کے بعد مرمتی کام شروع کیا گیا۔


ترجمان کے مطابق پیسکو بنوں گرڈ اسٹیشن پر مشتعل مظاہرین نے رات کی تاریکی میں دھاوا بول دیا۔ 500سے زائد مشتعل مظاہرین نے گزشتہ رات زبردستی بنوں گرڈ کا کنٹرول سنبھال لیا اور پیسکوعملے کو گرڈ سے باہر نکال کر گرڈ پر قبضہ کر لیا۔


مظاہرین نے گزشتہ رات گرڈ اسٹیشن سے منسلک تمام 23فیڈرز آن کر ا لیے۔ اس کے علاوہ مظاہرین نے پیسکو عملے کو زدوکوب کیا اور ان کو ڈرایا دھمکایا۔ ترجمان کے مطابق مظاہرین نے دھمکیاں دیں کہ اگلی بار 10سے15ہزار لوگوں کو اکٹھا کر کے لائیں گے۔


زبردستی فیڈرز آن کرانے کے بعد مظاہرین دیر رات تک گرڈ میں موجود رہے۔ بنوں گرڈ اسٹیشن سے منسلک تمام فیڈرز ہائی لاس فیڈرز میں شمار ہوتے ہیں۔ لاسز زیادہ ہونے کی وجہ سے ان فیڈرز پر لوڈ مینجمنٹ کا دورانیہ بھی زیادہ ہے۔ پیسکو کی جانب سے مظاہرین کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔

Load Next Story