عمران خان کا انگوٹھوں کے نشان سے ووٹوں کی تصدیق کا مطالبہ ممکن نہیں پرویزرشید

انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کسی کو بھی تحفظات ہیں تو وہ الیکشن ٹریبونل اور عدالتوں میں جائے،وفاقی وزیر اطلاعات

طاہرالقادری کی جماعت کی پارلیمنٹ میں کوئی نمائندگی نہیں اور نہ ہی وہ آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں،سینیٹر پرویز رشید،فوٹو:فائل

ISLAMABAD:

وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہےکہ انتخابات میں دھاندلی سے متعلق کسی کو بھی تحفظات ہیں تو وہ الیکشن ٹریبونل اور عدالتوں میں جائے جبکہ عمران خان کا انگوٹھوں کے نشان سے ووٹوں کی تصدیق کا مطالبہ بھی ممکن نہیں ہے۔



سرکاری خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے ایک انٹرویو میں کہا کہ عام انتخابات نگران حکومت نے کرائے اس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کو الزام نہیں دینا چاہئے جس کو بھی انتخابات میں دھاندلی سے متعلق تحفظات ہیں تو وہ الیکشن ٹریبونل اور عدالت جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں غیر معیاری سیاہی کے استعمال کی وجہ سے عمران خان کا ووٹروں کے انگوٹھے کے نشان کی تصدیق کا مطالبہ بھی ممکن نہیں ہے۔


پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان اور طاہرالقادری غیر ضروری ریلیاں نکال رہے ہیں جبکہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت نے انتخابی مہم کے دوران عوام سے کیے وعدے پورے نہیں کیے اور وہ عوام کو ریلیف دینے اور کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوگئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف خیبرپختونخوا میں کرپشن کا خاتمہ نہیں کرسکی اور جو صوبائی وزرا کرپشن کے الزام میں برطرف کیے گئے ان کے خلاف بھی کیس درج نہیں ہوئے ۔


وزیر اطلاعات نے کہا کہ طاہرالقادری کی جماعت کی پارلیمنٹ میں کوئی نمائندگی نہیں اور نہ ہی وہ آئین اور جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق پرویز رشید نے کہا کہ ایک آزاد عوامی کمیشن ماڈل اس واقعے کی تحقیقات کررہا ہے لہٰذا ہمیں اس کی سفارشات کا انتظار کرنا چاہئے۔

Load Next Story