کے الیکٹرک مہنگی ترین بجلی بنارہی ہے سبسڈی نہ دیں تو یونٹ 80 روپے ہوجائے قائمہ کمیٹی کو بریفنگ
کے الیکٹرک کی خاتون افسر کی قابل اعتراض لباس میں شرکت، پی ٹی آئی رکن کے اعتراض پر چیئرمین کی معذرت
ویب ڈیسک |
August 16, 2024
پاور ڈویژن کے حکام نے قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ سب سے مہنگی بجلی کے الیکٹرک بنارہی ہے حکومت اسے سبسڈی نہ دے تو یونٹ 80 روپے پہنچ جائے۔
قائمہ کمیٹی برائے توانائی کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکریٹری توانائی نے کہا کہ اِس وقت کے الیکٹرک سب سے بجلی مہنگی پیدا کر رہی ہے، کے الیکٹرک کی ساری بجلی تھرمل سے بنتی ہے، اگر کے الیکٹرک کو حکومت سبسڈی نہ دے تو ہوسکتا ہے وہاں یونٹ 80 روپے تک پہنچ جائے۔
سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ اگر ہم ایل این جی سے بجلی پیدا کریں گے تو 40 روپے یونٹ ہوگا، جب کے الیکٹرک کی نجکاری ہوئی تھی اس وقت نقصانات 40 فیصد تھے آج کے الیکٹرک نقصانات 15 فیصد ہیں۔
کے الیکٹرک کی خاتون افسر کی قابل اعتراض لباس میں شرکت، رکن کے اعتراض پر چیئرمین کی معذرت
اجلاس میں کے الیکٹرک کی جانب سے خاتون عہدے دار بھی موجود تھیں۔ پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی نے ان کے لباس پر اعتراض کیا اور کہا کہ کے الیکٹرک کی خاتون جس لباس میں اجلاس میں شریک تھی وہ قابل اعتراض ہے، اس طرح کے لباس میں اجلاس میں شرکت نہیں ہونی چاہیے، اجلاس میں خواتین کے لباس کے لیے بھی ایس او پیز ہونے چاہئیں۔
چیئرمین کمیٹی نے اقبال آفریدی سے اس معاملے پر معذرت کی۔