لاہور میں بادل؛ پنجاب کے کن علاقوں میں آج بارش کا امکان ہے؟

محکمہ موسمیات نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ صوبے کے بیشتر اضلاع میں بادل برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا ہے

فوٹو : اسکرین گریب

لاہور:

 

صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں موسم خشک ہے، تاہم کچھ علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
 
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورسمیت پنجاب  کے بیشتر اضلاع میں خشک موسم کا سلسلہ جاری ہے  جب کہ صوبائی دارالحکومت کے علاوہ بیشتراضلاع میں بادل موجود  ہیں، تاہم بارش کے امکانات کم ہیں۔
 
موسمیاتی ماہرین کے مطابق راولپنڈی ڈویژن،  مری اور ناردرن ایریاز میں بارش کے ساتھ برف باری کا بھی امکان ہے۔ آج لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 8 جب کہ زیادہ سے زیادہ 24 تک جانے کے امکانات ہیں۔
 
نیشنل ویدر فورکاسٹنگ سینٹر اسلام آباد کی پیش گوئی کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جب کہ اٹک، راولپنڈ ی اور جہلم میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے ۔  اسی طرح مری، گلیات اور گردونواح میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش  یا ہلکی برفباری کا امکان ہے۔
 
یاد رہے کہ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بتایا تھا کہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بادل برسانے والا سسٹم داخل ہوگیا ہے، جس کے سبب گجرانوالہ، راولپنڈی اور پوٹھوہار ڈویژن میں ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔
Load Next Story