لندن میں مسلسل تیسری بار ’رمضان کی روشنیاں‘ جگمگانے لگیں، دنیا کے لیے مثال قائم

لندن مغربی دنیا کا پہلا شہر بن گیا ہے جہاں رمضان کے موقع پر روشنیوں کی تنصیب ایک روایت بن چکی ہے

لندن: برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں مسلسل تیسرے سال رمضان کی خصوصی روشنیاں لگائی گئی ہیں، جن کا افتتاح لندن کے میئر صادق خان نے کیا۔

اس طرح لندن مغربی دنیا کا پہلا شہر بن گیا ہے جہاں رمضان کے موقع پر روشنیوں کی تنصیب ایک روایت بن چکی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ رمضان لائٹس لگانے کی روایت لندن کی ثقافتی ہم آہنگی اور تنوع کو ظاہر کرتی ہے۔  انہوں نے کہا"یہ ہمارے لیے باعث فخر ہے کہ ہم رمضان کی یہ خوبصورت روشنیاں لگا کر تمام مذاہب کے احترام اور تسلیم کرنے کا عزم ظاہر کر رہے ہیں"۔

انہوں نے اسلامو فوبیا کے خلاف بات کرتے ہوئے کہا کہ بعض لوگ مسلمانوں کے خلاف غلط معلومات پھیلاتے ہیں، لیکن ہمیں حقیقی اسلام کو اجاگر کرنا چاہیے، جو عبادت، خیرات اور بین المذاہب ہم آہنگی کی تعلیم دیتا ہے۔

صادق خان نے مزید کہا "یہ وہی اسلام ہے جس میں لوگ نماز پڑھتے ہیں، دوسروں کی مدد کرتے ہیں اور غیر مسلموں کے ساتھ روزہ افطار بھی کرتے ہیں"۔

دوسری جانب، صادق خان نے چیمپئنز ٹرافی 2025 پر تبصرہ کرتے ہوئے انگلینڈ اور پاکستان کے ایونٹ سے باہر ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ تاہم، انہوں نے اس ٹورنامنٹ کو پاکستان کے لیے ایک بہترین موقع قرار دیا کہ وہ دنیا کو یہ پیغام دے کہ پاکستان بین الاقوامی کرکٹ کے لیے ایک محفوظ اور مثالی ملک ہے۔

 

Load Next Story