موٹروے پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی شدید فائرنگ، اہلکار زخمی، کار جل کر خاکستر
موٹروے ایم ون پر سنگجانی انٹر چینج کے قریب شر پسند عناصر کی موٹر پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ شدید فائرنگ کی وجہ سے گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور جل کر خاکستر ہوگئی۔
موٹروے پولیس حکام کے مطابق موٹروے سنگجانی انٹر چینج ایم ون پر موٹروے پولیس کا عملہ معمول کی پیڑولنگ ڈیوٹی پر تھا کہ اچانک نامعلوم شر پسندوں نے موٹروے پولیس کی گاڑی پر شدید فائرنگ شروع کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں موٹروے پولیس سب انسپیکٹر عجاز اور ہیڈ کانسٹیبل ابراہیم معجزانہ طور پر محفوظ رہے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہوا۔
شدید فائرنگ سے موٹروے پولیس کی گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے گاڑی مکمل طور پر جل گئی۔
اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس حکام سمیت ضلع پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ ملزمان فرار ہوجانے میں کامیاب رہے۔
حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان کی تلاش جاری ہے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔
فائرنگ کرنے والے نامعلوم ملزمان کے خلاف موٹر وے پولیس کے سب انسپکٹر اعجاز گل کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمہ انسداد دہشتگری ایکٹ کی دفعہ 7 اے ٹی اے اقدام قتل کی دفعہ 324 سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا۔
ساتھی اہلکار پیڈ کانسٹیںل محمد ابراہیم کے ہمراہ سرکاری گاڑی پر بیٹ نمبر 4 میں پیڑولنگ کر رہے تھے کہ جنڈ گاؤں کے قریب پہنچے تو موٹروے کی بائیں جانب کی جھاڑیوں سے تین مسلح افراد سامنے آگئے اور شدید فائر شروع کر دی۔
فائرنگ کے دوران متعدد گولیاں موٹروے پولیس کی گاڑی کے بونٹ اور سائیڈوں پر لگی جبکہ ہم دونوں زخمی ہوگئے اور بمشکل گاڑی سے اترے۔
شدید فائرنگ کے نتیجے میں گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس سے گاڑی اور اس کے اندر رکھی سرکاری رائفل، وائرلیس سیٹ، دو آئی فون اور بلٹ پروف جیکٹ بھی جل گئی۔ آگ سے گاڑی میں رائفل کے میگزین کے اندر موجود گولیاں بھی چلتی رہیں۔ ملزمان نے سرکاری گاڑی پر فائرنگ کرکے اور جلا کر خوف و ہراس پھیلایا اور ہمیں قتل کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔