کیا ٹوتھ پیسٹ مفید و مضر بیکٹیریا کے لیے خطرہ ہے؟
ٹوتھ پیسٹ ہمارے منہ کی صحت میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ البتہ، کچھ ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹوتھ پیسٹ منہ کے بیکٹیریا کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔
آر سی ایس آئی یونیورسٹی آف میڈیسن اینڈ ہیلتھ سائنسز سے تعلق رکھنے والے نائیم کوفے، البرٹ لیونگ اور ازابیل اولیگاریو کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ انسان کا منہ 700 سے زائد اقسام کے بیکٹریا کا مسکن ہے۔
منہ میں موجود بیکٹیریا پی ایچ لیولز کو برقرار رکھنے، غذا کو تحلیل کرنے اور قدرتی اینٹی مائیکروبائل مرکبات بنانے کے لیے اہم ہوتے ہیں۔
محققین کے مطابق متعدد ٹوتھ پیسٹ میں فلورائیڈ ہوتا ہے جو کیویٹی سے بچاتا ہے اور دانتوں کے انامل کو مضبوط کرتا ہے۔ محققین نے یہ بھی واضح کیا کہ فلورائڈ تیزابی بنانے والے بیکٹیریا کو دانتوں کو نقصان پہنچانے سے بھی روکتا ہے۔
تحقیق کے مطابق ٹوتھ پیسٹ میں موجود اینٹی بیکٹیریل ایجنٹس منہ میں موجود مفید اور مضر دونوں اقسام کے بیکٹیریا کو ختم کر سکتے ہیں۔ نتیجتاً اس سے منہ کے اندر بیکٹیریا کے ماحول میں خلل آسکتا ہے۔
محققین کی ٹیم کے مطابق بیکٹیریا کے حوالے سے فہم میں اضافے کے بعد مستقبل میں بیکٹیریا کو عمومی ہدف بنانے کے بجائے مضر بیکٹیریا کو نشانہ بنانے کے لیے خاص ٹوتھ پیسٹ تیار کیے جا سکیں گے۔