جعلی ’ہائرنگ‘ کرکے ایچ آر مینیجر نے لاکھوں ڈالرز کا فراڈ کرڈالا
چین میں ایک ٹیکنالوجی کمپنی کے ایچ آر مینیجر کو حال ہی میں اس وقت قید کی سزا سنادی گئی جب اس نے درجنوں جعلی ملازمین کی "ہائرنگ" کرکے ان کی تنخواہیں وصول کیں اور لاکھوں ڈالرز کا فراڈ کیا۔
ضلع منہانگ کے قانونی ادارے نے حال ہی میں ایک کمپنی کے اہلکار کے جرائم پر ایک دستاویز جاری کی جس نے ملک بھر کے اخبارات کی توجہ مبذول کروائی۔
یہ سب اس وقت شروع ہوا جب نامعلوم شنگھائی ٹیکنالوجی کمپنی کے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین نے ملازمین کے ریکارڈ میں کچھ عجیب بات نوٹ کی۔
انہوں نے دریافت کیا کہ ژیاؤ سن نامی ملازم جو کمپنی کے ساتھ آدھے سال سے منسلک ہے اور پوری مدت میں اس کی حاضری بالکل درست رہی، کے بارے میں کسی اسٹاف کو نہیں معلوم۔
مزید برآں کسی نے اس ملازم کو کبھی ذاتی طور پر بھی نہیں دیکھا تھا اور نہ ہی اس کے بارے میں کچھ معلوم تھا۔ اس کے بعد ہونے والی تحقیقات میں ایچ آر مینیجر کے ذریعے بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کا پردہ فاش ہوا۔