چار شادیوں کے معاملے پر حمزہ علی عباسی کی ویڈیو وائرل
پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے قرآن پاک میں چار شادیوں کی اجازت سے متعلق آیت کی سیاق و سباق کے ساتھ جو وضاحت کی ہے، اس پر سوشل میڈیا پر ان کی خوب تعریف ہورہی ہے۔
حمزہ کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب اداکار دانش تیمور نے اپنی بیوی عائزہ کےلیے محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ’’فی الحال‘‘ صرف ایک شادی پر اکتفا کریں گے۔ دانش کے اس بیان پر تنقید ہوئی تھی، لیکن حمزہ عباسی نے اپنے پرانے بیان میں قرآنی حکم کی گہرائی سے وضاحت کرکے سب کے دل جیت لیے۔
دانش تیمور کے چار شادیوں والے معاملے پر بیان سامنے آنے کےبعد حمزہ عباسی کا ایک پرانا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے، جس میں انہوں نے اسلام میں چار شادیوں کی اجازت کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر پیش کیا۔ ویڈیو میں حمزہ سے پوچھا گیا کہ وہ اس حکم کے بارے میں کیا سوچتے ہیں۔ حمزہ نے پہلے قہقہہ لگایا اور پھر بڑی وضاحت سے جواب دیا۔
انہوں نے کہا، ’’قرآن میں چار شادیوں کی اجازت کا ذکر مخصوص حالات میں کیا گیا ہے۔ جنگ احد میں صحابہ کرام کی بڑی تعداد شہید ہوگئی تھی، جس کی وجہ سے بے شمار بیوائیں اور یتیم بچے بے سہارا ہو گئے تھے۔ ان کی دیکھ بھال کےلیے کوئی سماجی نظام نہیں تھا۔ ایسے حالات میں اللہ نے حکم دیا کہ یتیموں کی دیکھ بھال کرو، اور اگر تمہیں لگتا ہے کہ تم ان کی ماؤں کی دیکھ بھال نہیں کرسکتے، تو ان سے شادی کرلو، چاہے ایک، دو، تین یا چار۔‘‘