اکشے کمار کی ساتھی اداکارہ نے اپنا سر کیوں منڈوا لیا؟
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شانتی پریا، جو اکشے کمار کے ساتھ ان کی پہلی فلم ’’سوگندھ‘‘ میں کام کرچکی ہیں، نے معاشرے کے بنائے ہوئے خوبصورتی کے پیمانوں کو چیلنج کرتے ہوئے اپنے بال منڈوا لیے۔
شانتی پریا نے اپنی بالوں سے محروم نئی شکل کی کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ بیج رنگ کے سوٹ میں دکھائی دے رہی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ انہوں نے اپنے مرحوم شوہر سدھارتھ رے کا کوٹ پہنا ہوا تھا، جو 2004 میں انتقال کرگئے تھے۔
شانتی نے اپنی تصویر کے ساتھ کیپشن میں لکھا، ’’میں نے حال ہی میں اپنے بال منڈوائے ہیں، اور یہ تجربہ واقعی کچھ انوکھا رہا۔ عورت ہونے کے ناتے ہم اکثر زندگی میں خود پر پابندیاں لگا لیتے ہیں، قوانین کے پیچھے چلتی ہیں اور خود کو ایک پنجرے میں بند کرلیتی ہیں۔ اس تبدیلی کے ساتھ، میں نے خود کو آزاد کرلیا ہے، خود پر لگائی گئی پابندیوں سے آزاد! میں دنیا کے بنائے ہوئے خوبصورتی کے معیارات کو توڑنا چاہتی ہوں، اور میں یہ بہت ہمت اور عزم کے ساتھ کررہی ہوں۔‘‘