اداکارہ نے معروف ہدایتکار ساجد خان پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کردیا
بھارتی ٹی وی اداکارہ نوینا بولے نے معروف ہدایتکار ساجد خان پر جنسی ہراسانی کا الزام عائد کردیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق مشہور ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں ڈاکٹر مونی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ نوینا بولے نے فلمساز ساجد خان پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ نوینا نے انکشاف کیا ہے کہ ساجد خان نے ایک ملاقات کے دوران ان سے نامناسب مطالبہ کیا کہ وہ اپنے کپڑے اتاریں اور صرف ٹو پیس میں بیٹھیں، تاکہ وہ ان کی ’کمفرٹ لیول‘ کا اندازہ لگا سکیں۔
ایک انٹرویو کے دوران نوینا نے بتایا کہ یہ واقعہ 2004 سے 2006 کے درمیان پیش آیا، جب وہ ’گلاڈریگس‘ مقابلے میں شریک ہوئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ساجد خان کی کال پر خوش ہوئیں، لیکن ملاقات ان کے دفتر کے بجائے ذاتی رہائش گاہ پر رکھی گئی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ خوش قسمتی سے کوئی ان کے انتظار میں باہر موجود تھا، جس سے انہیں کچھ حد تک اطمینان حاصل ہوا۔