ہانیہ عامر کا بھارتی میڈیا کو منہ توڑ جواب، خود سے منسوب جھوٹی خبروں کی سختی سے تردید
فوٹو : فائل
پاکستان شوبز کی خوبرو اداکار ہانیہ عامر نے بھارتی میڈیا کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
معروف پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر نے حالیہ واقعات کے تناظر میں بھارتی میڈیا کی جانب سے اُن سے منسوب کیے گئے جھوٹے بیانات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے ایک عوامی بیان جاری کیا ہے۔
اپنے بیان میں اداکارہ نے واضح الفاظ میں کہا کہ اُن سے منسوب کیے جانے والے کسی بھی جملے یا رائے کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں، اور وہ ایسی کوئی بات نہیں کرتیں جو نفرت یا غلط فہمی کو جنم دے۔
ہانیہ عامر نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں ان مشکل حالات میں ایک دوسرے کے لیے ہمدردی، نرمی اور سمجھ بوجھ کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت معاشرے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور حساس ماحول کو مدنظر رکھتے ہوئے محتاط طرزِ عمل اختیار کرنا ناگزیر ہے۔