عوام نہیں، بااثر شخصیات نفرت کو ہوا دے رہی ہیں، بشریٰ انصاری کی جاوید اختر پر تنقید
بشریٰ انصاری کا پاک بھارت کشیدگی پر اظہار رائے کرتے ہوئے کہنا ہے کہ عوام نہیں، بااثر شخصیات عوام میں نفرت کو ہوا دے رہی ہیں۔
پاکستان کی سینئر فنکارہ بشریٰ انصاری نے ایک حالیہ ویڈیو بیان میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے عام شہریوں کے درمیان نفرت کی فضا نہیں ہے، بلکہ مسئلے کی جڑ کچھ بااثر بھارتی شخصیات ہیں جو اشتعال انگیزی اور نفرت انگیز بیانیے کو فروغ دے رہے ہیں۔
بشریٰ انصاری نے واضح کیا کہ عام لوگ امن اور ہم آہنگی کے خواہاں ہیں، جبکہ میڈیا اور مشہور شخصیات کی جانب سے منفی بیانات حالات کو مزید خراب کر رہے ہیں۔ سینئر اداکارہ نے بھارتی فلم رائٹر جاوید اختر کا نام لیے بغیر ان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ یہاں آتے ہیں تو لڈیاں ڈالتے ہوئے جاتے ہیں اور پھر وہاں جاکر زہر اُگلتے ہیں۔