اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی رہنما پر مبینہ تشدد، دو ایس ایچ اوز سمیت 3 افسران معطل
فوٹو: فائل
سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر اڈیالہ جیل کے باہر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف وہپ عامر ڈوگر پر مبینہ تشدد کے معاملے پر دو ایس ایچ اوز اور ایک اے ایس آئی کو معطل کردیا گیا۔
سی پی او راولپنڈی کی ہدایت پر پولیس افسران کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، جس میں کہا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے چیف وہپ عامر ڈوگر پر پولیس کے مبینہ تشدد کا معاملے پر راولپنڈی پولیس کے دو ایس ایچ اوز اور ایک اے ایس آئی کو معطل کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ایس ایچ اوز میں ایس ایچ او چکری سب انسپکٹر طیب بیگ، ایس ایچ او دھمیال سب انسپکٹر سلیم قریشی اور تھانہ چکری میں تعینات اے ایس آئی ماجد شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ معطل پولیس افسران سے فوری طور پر عہدوں کا چارج بھی واپس لے لیا گیا اور مذکورہ پولیس افسران کو کلوز لائن بھی کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی پولیس کے معطل افسران کے خلاف انکوائری کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ڈی پی او جہلم کو انکوائری افسر مقرر کر دیا گیا ہے۔