سلیبرٹی ہونا آسان نہیں یہ ذہنی دباؤ سے بھرپور زندگی ہے، شمعون عباسی
اب کوشش کرتا ہوں کہ ماضی کی غلطیوں کو نہ دہراؤں، شمعون عباسی:فوٹو:فائل
پاکستان شوبز کے اداکار، ہدایت کار اور اسکرین رائٹر شمعون عباسی نے شہرت کو سنبھالنا ایک مشکل کام قرار دے دیا۔
شمعون عباسی نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ایکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پیغام میں شیئر کیا ہے جس میں انہوں نے سلیبرٹی کلچر کے نقصانات پر کھل کر بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سلیبرٹی بننا اور مشہور ہونا کوئی آسان کام نہیں بلکہ ایک ذہنی دباؤ سے بھرپور زندگی ہے، اسی لیے وہ خود کو کبھی سلیبرٹی نہیں سمجھتے۔
شمعون عباسی نے کہا کہ شہرت کی دنیا عارضی ہوتی ہے، گلوکار، کھلاڑی یا اداکار جب اپنی کارکردگی کھو دیتے ہیں یا کوئی تنازع پیدا ہو جائے تو فوراً تنقید کا نشانہ بن جاتے ہیں اور ان کا وہ مقام ختم ہو جاتا ہے۔
اداکار نے کہا کہ لوگ جب شہرت کھو بیٹھتے ہیں تو وہ ذہنی دباؤ، بے چینی اور حتیٰ کہ نشے کی طرف بھی چلے جاتے ہیں کیونکہ انہیں لگتا تھا کہ وہ پیدائشی سلیبرٹی ہیں۔