مہاراشٹرا میں زبان کا تنازع برقرار، سپریم کورٹ کا فیصلہ بھی بے اثر
ممبئی: بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں زبان کے تنازع نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ہے حالانکہ بھارتی سپریم کورٹ نے گزشتہ ماہ سائن بورڈز پر صرف مراٹھی زبان کے استعمال کے مقامی بلدیاتی فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص پیزا ڈیلیوری بوائے سے کہتا ہے کہ “جب تک تم مراٹھی نہیں بولو گے، پیسے نہیں ملیں گے”۔ اس واقعے نے عوامی سطح پر غصے اور تشویش کو جنم دیا ہے۔
یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ زبان کا کوئی مذہب نہیں ہوتا، یہ صرف رابطے کا ذریعہ ہے جو لوگوں کو قریب لاتی ہے، اور کسی پر مخصوص زبان مسلط کرنا آئینی اصولوں کے خلاف ہے۔
ایک بھارتی نیوز ویب سائٹ نے اس ویڈیو کے ساتھ گزشتہ ماہ کی کئی دیگر ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں، جن میں مہاراشٹرا کے کچھ مقامی لوگ دوسرے صوبوں سے آئے افراد کو زبردستی مراٹھی بولنے پر مجبور کرتے دکھائی دیتے ہیں۔