قدرتی ماحول کی بحالی کیلئے کے پی حکومت کا اہم اقدام

پرندوں کی نایاب اقسام کے خاتمے پر بھی وزیر اعلیٰ نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے

کے پی حکومت نے قدرتی ماحول کی بحالی کے لیے صوبہ بھر میں پھلدار اور مقامی درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے اس حوالے سے تمام انتظامی سیکریٹریز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا ہے۔ مراسلے میں پرندوں کی نایاب اقسام کے خاتمے پر بھی وزیر اعلیٰ نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بلبل، مینا، ہُدہُد اور دیگر مقامی پرندوں کی نسلیں خطرے سے دوچار ہیں جبکہ  پھلدار درختوں کی کمی کے باعث نایاب پرندے خیبر پختونخوا چھوڑ چکے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے تمام سرکاری دفاتر، کالونیوں اور دیگر مقامات پر درخت لگانے کی ہدایت کی ہے اور تمام سرکاری محکموں کو مون سون میں شجرکاری مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔

مزید برآں شجرکاری مہم موثر بنانے کے لئے درمیانے قد کے پودے استعمال کرنے کا کہا گیا ہے اور ترجیح مقامی اور دیسی درختوں کو دی جائے گی۔

بیرسٹر سیف کا مزید کہنا تھا کہ مراسلے میں تمام محکموں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شجرکاری رپورٹ خود تیار کرکے جمع کرائیں۔ شجرکاری مہم "اپنی مدد آپ" کی بنیاد پر چلائی جائے گی۔

Load Next Story