تاریخ یاد رکھے گی کہ مسلح افواج نے چند گھنٹوں میں دشمن کے عزائم خاک میں ملائے، صدرمملکت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے گجرانوالہ کنٹونمنٹ کا دورہ کیا جہاں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا،

فوٹو: آئی ایس پی آر

گجرانوالہ:

صدرمملکت آصف علی زرداری نے پاک فوج کے افسران اور جوانوں کو بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ پاکستان کی مسلح افواج نے کیسے چند گھنٹوں میں دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملادیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان میں کہا گیا کہ صدرمملکت آصف علی زرداری نے گجرانوالہ کنٹونمنٹ کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی بھی تھے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا اور اس موقع پر کور کمانڈرز منگلہ اور گجرانوالہ بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے معرکہ حق کی کامیابی میں پاک فوج کے مثالی کردار اور پیشہ ورانہ صلاحیت کو سراہا اور بلااشتعال انگیز جارحیت کا سامنا کرتے ہوئے عزم اور غیرمتزلزل حوصلے کی تعریف کی۔

انہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہید فوجی اہلکاروں اور شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور اعادہ کیا کہ ان کی قربانی قوم کا سرمایہ ہے اور کہا کہ قوم کے بیٹے بھرپور عزم کے ساتھ مادر وطن کے دفاع اور اشتعال انگیزی کے خاتمے کے لیے کھڑے رہے۔

 


آئی ایس پی آر کے مطابق صدر مملکت نے کہا کہ تاریخ یاد رکھے گی کہ کیسے چند گھنٹوں میں پاکستان کی مسلح افواج نے پورے عزم کے ساتھ بلااشتعال جارحیت کو پسپا کردیا اور پاکستان کی طاقت، دفاع کی صلاحت اور قومی اتحاد کا پیغام دیا۔

صدر مملکت نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے مثالی حوصلے، جنگی تیاری اور فرائض کی ادائیگی کے عزم کی تعریف کی اور آپریشن بینان مرصوص کی کامیابی پر دلی مبارک باد دی اور قوم کے دفاع کی اعلیٰ مثال پر فخر کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے بہادر جوانوں کو قومی فخر اور خودمختاری کے پاسبان کے طور پربڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

Recommended Stories

Load Next Story