سمندری آلودگی کے تحت ٹرٹل بیچ پر صفائی مہم کا آغاز
انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچرکی جانب سے ساحل پر صفائی کی مہم شروع کردی گئی ہے جس میں سمندری آلودگی کو مدِنظر رکھتے ہوئے ساحل سے کچرا صاف کیا جارہا ہے۔
ویٹ لینڈ سینٹر اور ٹرٹل بیچ پرساحلی آبادیوں کے بچوں کے ذریعے ساحل پر صفائی مہم کے دوران 2 ہزار کلوگرام کچرا ساحل سے صاف کیا گیا۔
کچرے میں شاپنگ بیگز،جوس کے ڈبے،ماہی گیری کے جال سمیت دیگر کچرا شامل تھا جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سبزکچھووں کی بقا کو اجاگر کرنے کے لیے انڈوں سے نکلنے والے نوزائیدہ بچوں کو بھی سمندر میں چھوڑا گیا۔
نیچرل ریسورس مینجمنٹ کوآرڈینٹر، ڈاکٹر بابر حسین کا کہنا تھا کہ یہ بچے جب عملی زندگی میں قدم رکھیں گے تو آبی حیات اور سمندری ماحول کے بچاو کے لیے ایک تعمیری کردار ادا کرینگے۔ سمندری آلودگی کی وجہ سے آبی حیات و قدرتی وسائل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔