کوہاٹ: گیس لیکج دھماکے میں زخمی سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس آفریدی انتقال کرگئے  

عباس آفریدی کو علاج کے لیے کھارہاں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے

کوہاٹ میں دھماکے میں زخمی سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس آفریدی دوران علاج دم توڑ گئے۔

رپورٹ کے مطابق عباس آفریدی گزشتہ شام اپنے ساتھیوں کے ساتھ حجرہ عظیم باغ میں گیس لیکج کے باعث ہونے والے دھماکے میں زخمی ہوگئے تھے۔

عباس آفریدی کو علاج کے لیے کھارہاں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

وزیر اعظم  شہباز شریف  نے سابق سینیٹر اور  وفاقی وزیر عباس آفریدی کے انتقال پر اظہار افسوس کیا اور  مرحوم کے لئے دعائے مغفرت اور بلندی درجات کی دعا کی۔

وزیر اعظم نے ان کے  اہل خانہ سے اظہار افسوس کیا اور صبر و استقامت کی دعا کی۔

وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے سابق وفاقی وزیر سینیٹر عباس خان آفریدی کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ سابق وفاقی وزیر اور معزز سینیٹر عباس خان آفریدی کی وفات کی خبر انتہائی دکھ اور رنج کے ساتھ سنی۔

پاقر ڈویژن کی جانب سے جاری تعزیتی پیغام میں سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ مرحوم عباس خان آفریدی ایک محنتی، بااصول اور ملک و قوم کی خدمت کے لیے ہمیشہ کوشاں رہنے والے رہنما تھے، ان کی سیاسی بصیرت، خلوص اور عوامی مسائل کے حل کے لیے کی گئی کوششیں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وفاقی وزیر نے مرحوم کے اہلِ خانہ اور چاہنے والوں کے ساتھ دلی تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے۔

Load Next Story