ہنسی کا طوفان لیے کامیڈی فلم سوکن سوکنے 2 سینما گھروں کی زینت بن گئی

یہ فلم اس وقت ملک بھر کے سینما میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے

بین الاقوامی پنجابی فلم سوکن سوکنے 2 پاکستانی سینما گھروں کی زینت بن گئی۔

ڈسٹری بیوشن کلب نے پاکستانی فلم بینوں کو معیاری اور خاندانی تفریح فراہم کرنے کے لیے بین الاقوامی پنجابی فلم سوکن سوکنے 2 کی نمائش کا اہتمام کیا ہے، جو کئی ماہ کے وقفے کے بعد سینماؤں میں پیش کی جانے والی پہلی بین الاقوامی پنجابی فلم ہے۔

سوکن سوکنے 2 مقبول فلم سوکن سوکنے کا سیکوئل ہے، جس میں معروف اداکار ایمی ورک، نمرت کھیرہ اور سرگن مہتا مرکزی کرداروں میں جلوہ گر ہیں، جب کہ دیگر کرداروں میں بھی کئی نامور فنکار شامل ہیں۔

فلم کی کہانی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو دو بیویوں کے ہوتے ہوئے تیسری شادی کر لیتا ہے، جس کے بعد اس کی زندگی میں آنے والے دلچسپ اور مزاح سے بھرپور واقعات، سوکنوں کے درمیان چپقلش اور گھریلو تنازعات فلم کی خاص بات ہیں۔

یہ فلم اس وقت ملک بھر کے سینما میں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہے اور ہر عمر کے ناظرین کو معیاری، خاندانی تفریح فراہم کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

Load Next Story