جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری
مون سون کے پہلے اسپیل کے تحت جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں گزشتہ روز سے بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
بارش کے باعث جڑواں شہروں میں گرمی کی شدت میں کمی آگئی جبکہ موسم خوش گوار ہوگیا۔
گزشتہ روز سے ہونے والی بارش کے باعث اسلام آباد کا کم سے کم درجہ حرارت 24 اور راولپنڈی کا 25 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ جڑواں شہروں میں مجموعی طور 35 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ادھر، محکمہ موسمیات کی پیش گوئی پر واسا راولپنڈی ہائی الرٹ ہے اور رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیدپور کے مقام پر 31 ملی میٹر، گولڑہ میں 23 اور بوکڑہ کے مقام پر 35 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی جبکہ پی ایم ڈی میں 23، شمس آباد پر 18 ملی میٹر اور پیر ودھائی میں 33 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
ترجمان ایم ڈی واسا کے مطابق حالیہ بارشوں سے راول ڈیم اور خان پور ڈیم میں پانی کا لیول بڑھ گیا ہے۔ مون سون بارشوں سے پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔
نالہ لئی اور نالوں کی بروقت بھل صفائی کروائی گئی ہے۔ شہر بھر کے نالوں اور نالہ لئی کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، ابھی نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ نالہ میں کٹاریاں کے مقام پر 7 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 6 فٹ ہے، کسی بھی قسم کی ایمرجنسی سے نپٹنے کے لیے تیار ہیں۔