کراچی میں مزید موسلادھار بارش کی پیش گوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ
محکمہ موسمیات نے آج جمعہ کی رات اور ہفتے کو کراچی میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کر دی جبکہ اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر کے مطابق مون سون سسٹم کا آغاز جمعرات کی علی الصبح شمالی علاقوں کشمیر، اسلام آباد، سیالکوٹ، لاہور سمیت پورے پنجاب اور سندھ کو متاثر کرتا ہوا کراچی تک آیا جس نے تقریباً پورے ملک میں بارش برسائی۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ سلسلہ سندھ کو اوپر برقرار ہے اور جمعہ کی شام سے اسپیل مزید شدت اختیار کرے گا جوکہ اتوار کی صبح تک برقرار رہے گا۔ جمعہ کی رات اور ہفتے کو تیز بارش متوقع ہے جس سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال بن سکتی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسپیل ختم ہونے کے بعد آنے والے ہفتے کراچی کا موسم اچھا ہو جائے گا اور زیادہ سے زیادہ سے درجہ حرارت 33 سے 34 رہے گا جبکہ موسم جزوی ابر آلود رہے گا جس کے سبب صبح اور رات کے وقت بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان نے کہا کہ 5 جولائی سے مون سون کا دوسرا اسپیل سندھ کے مشرقی علاقوں کو متاثر کرنا شروع کرے گا، جس سے کراچی میں بھی بارش توقع ہے۔ جولائی میں تین سے چار اسپیل کراچی سمیت سندھ کو متاثر کر سکتے ہیں۔
گزشتہ روز گلشن حدید میں سب سے زیادہ 17 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق شارع فیصل پر 12 ملی میٹر، اولڈ سٹی ایریا میں 9 ملی میٹر، ڈیفنس فیز 2 میں 7.8 ملی میٹر، ایئرپورٹ پر 5 ملی میٹر اور یونیورسٹی روڈ پر 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے تازہ ترین تجزیے کے مطابق بھارتی گجرات ریجن اور اس سے ملحقہ شمالی بحیرہ عرب میں گردش کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور یہ تقریباً کم دباؤ کا نظام بن چکا ہے۔
گزشتہ رات ہونے والی بارش کے باوجود موسم اب بھی قدرے مرطوب ہے اور شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے ہی محسوس کیے جانے والا درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ کے قریب ہے۔
کراچی میں دوپہر سے لے کر آج رات دیر گئے تک درمیانی سے تیز بارش متوقع ہے۔ اس دوران شہر کے چند علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ مون سون اسپیل کے تحت کراچی سمیت سندھ میں یکم جولائی تک بارشوں کی پیشگوئی ہے۔