لیبوبو، خوفناک گڑیا کا ٹرینڈ کس کی سازش ہے؟ مشی خان کا انکشاف
معروف پاکستانی اداکارہ و میزبان مشی خان نے حالیہ دنوں سوشل میڈیا پر شہرت حاصل کرنے والی گڑیا ’لیبوبو ڈول‘ کے ٹرینڈ پر تنقید کرتے ہوئے اسے ایک ’خوفناک شیطانی شے‘ قرار دیا۔
دنیا بھر میں مقبول ہونے والی یہ گڑیا اپنے عجیب و غریب نین نقش، نوکدار دانتوں اور جانور جیسے جسم کے باعث لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ اس کی خوفناک صورت کے باوجود خواتین اور شوبز شخصیات اسے فیشن کا حصہ بنا رہی ہیں، جن میں پاکستانی اداکارائیں سجل علی، مایا علی، اور ہانیہ عامر بھی شامل ہیں۔
مشی خان نے اس ٹرینڈ کو "بھیڑ چال" قرار دیتے ہوئے کہا کہ صرف اس لیے کہ یہ ٹرینڈ میں ہے، لوگ اسے مہنگے بیگز پر لگا کر اسے اپنے اسٹائل کا حصہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اس طرح کی گڑیائیں منفی توانائیوں، جنات اور بدقسمتی کو دعوت دے سکتی ہیں۔